فیصل آباد ،ویمن یونیورسٹی میں یوم آزادی و معرکہ حق کاانتہائی جوش و خروش اور جذبہ حب الوطنی کے ساتھ منایا گیا

جمعرات 14 اگست 2025 17:32

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آبادمیں پاکستان کا 78واں یومِ آزادی اور معرکہ حق انتہائی جوش و خروش اور جذبہ حب الوطنی کے ساتھ منایا گیا۔ ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹس افیئرز کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب کاآغاز پرچم کشائی، وطن عزیز کی خوشحالی اور سلامتی کے لیے پرخلوص دعاؤں، اور پولیس بینڈ، خواتین پولیس سکواڈ اور یونیورسٹی گارڈز کے شاندار مارچ پاسٹ سے ہوا۔

مہمان خصوصی میجر جنرل (ر) نصراللہ طاہر ڈوگر نے اپنے خطاب میں کہاکہ''ملک وقوم کا دفاع صرف فوج کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر شہری ہمارے وطن کا محافظ ہے۔''وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین (تمغہ امتیاز) نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں قائداعظم کے وژن کو یاد رکھنا چاہیے اور آئین پاکستان کے تحت ہر شہری،مذہب، نسل یا پس منظر سے قطع نظرکا یکساں احترام کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاک فوج کو ملک کی خودمختاری کے تحفظ اور قومی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ان کی لازوال قربانیوں اور عزم و وفا پر خراج تحسین پیش کیا۔تقریب میں 13 اگست کو منعقدہ مختلف مقابلوں کے منتظمین اور نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں کو اسناد دی گئیں۔ ملی نغموں کی دل موہ لینے والی پیشکشیں، کیک کاٹنے کی تقریب اور گروپ فوٹو نے اس موقع کو مزید یادگار بنا دیا۔ فیکلٹی، سٹاف، ان کے اہل خانہ اور طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی جو اتحاد، شکر گزاری اور قومی فخر کی علامت تھی۔\378