مظفر آباد ،ریاست بھر میں یوم آزادی ومعرکہ حق ملی جوش وجذبہ کے ساتھ منایا گیا،وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے پرچم کشائی کی

جمعرات 14 اگست 2025 17:36

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) ریاست بھر میں 78واں یوم آزادی ومعرکہ حق ملی جوش وجذبہ کے ساتھ منایا گیا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے پرچم کشائی کی۔ دارلحکومت مظفرآباد میں 78 ویں یوم آزادی و معرکہ حق کے موقع صدارتی سیکرٹیریٹ مظفرآباد میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پرپولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔ آزاد کشمیر میں صبح کا آغاز مساجد میں ملکی سلامتی واستحکام کے لیے دعاؤں سے ہوا۔7:59 پر سائرن بجا کر تقریب کا آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر قومی و ریاستی ترانے بھی بجائے گئے۔تقریب میں سپیکر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر، سابق وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان، سینئر موسٹ وزیر کرنل(ر) وقار احمد نور، قائد حزب اختلاف خواجہ فاروق احمد، وزراء حکومت، آفیسر کمانڈنگ پاک آرمی میجر جنرل محمد عرفان، کنوینیر آل پارٹیز حریت کانفرنس غلام محمد صفی، چیف سیکرٹری آزاد کشمیر خوشحال خان، انسپکٹر جنرل پولیس آزادکشمیر رانا عبدالجبار، سیکرٹریز حکومت، اعلی سول و فوجی حکام و دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب میں مانکپیاں انٹر کالج کی خصوصی طالبات نے ملی نغمے پر بہترین پرفارمنس پیش کر کے داد وصول کی۔گرلز ڈگری کالج نڑول کی طالبات اور طلبا کے سکاوٹس نے بھی یوم آزادی کی مناسبت سے ملی نغمے پیش کئے، تقریب کے آخر میں ملکی سالمیت و استحکام اور تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کیلئے دعا کی گئی۔\378