آزادی مقدس امانت ہے، معرکہ حق میں افواج پاکستان نے ہر پاکستانی کا سر فخر سے بلند کردیا، ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی

جمعرات 14 اگست 2025 17:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلیٰ اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے پاکستان کے 78ویں یوم آزادی کے موقع پر پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں آج پاکستان کو سنوارنے کیلئے تحریک پاکستان کا جوش و جذبہ زندہ کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان ہندو کونسل کی جانب سے یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے مزار قائد پر حاضری دی اور بانی پاکستان کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج سے 78 سال قبل قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں وطن کے بہادر سپوتوں نے غیرملکی سامراج کی زنجیروں کو توڑ کر دھرتی ماتا پاکستان کو آزاد کرایا تھا۔

ڈاکٹر رمیش وانکوانی نے معرکہ حق میں بہادر افواج پاکستان کی شاندار کارکردگی کا تذکرہ کرتے ہوئےکہا کہ آزادی ایک مقدس امانت ہے جسکی حفاظت کرکے ہماری بہادر افواج نے ہر محب وطن پاکستانی کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان بنانے کیلئے محب وطن غیرمسلم پاکستانی قائد اعظم کے شانہ بشانہ تحریک پاکستان کا ہراول دستہ تھے اور آج بھی میرے جیسے جذبہ حب الوطنی سے سرشار پاکستانی اپنی دھرتی ماتا کو سنوارنے کیلئے آگے آگے ہیں۔ ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی کی قیادت میں مزار قائد پر حاضری دینے والے وفد میں مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل تھے۔