یوم آزادی اور معرکہ حق کی فتح کا جشن،جامعہ مظہرالعلوم حمادیہ اتحاد ٹان میں پروقار تقریب

جمعرات 14 اگست 2025 18:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء)جامعہ مظہرالعلوم حمادیہ اتحاد ٹان میں یوم آزادی اور معرکہ حق کی فتح کا جشن کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ناظم تعلیمات مولانا فخرالدین رازی، وائس چیئرمین بلدیہ ٹان عجب خان سواتی، جے یو آئی ضلع جنوبی کے امیر شیخ الحدیث مولانا نورالحق، ڈائریکٹر فشریز معروف کاروباری شخصیت پرویز احمد دودا، ایس پی بلدیہ جہان خان نیازی، ایس ایچ او اتحاد ٹان انسپکٹر را شبیر، چوکی انچارج لالہ نعیم، جے یو آئی بلدیہ ٹان کے مولانا اسد آغا، قاری اقبال، ڈاکٹر عمران آفریدی، پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے سر رضا آفریدی، جے یو آئی کے مرکزی رہنما مفتی شاہ فیصل برکی، مولانا نصیر اللہ چغرزئی،سینئر صحافی منیراحمد شاہ، لیبر کونسلر اظہرالدین کھوسو، جنرل کونسلر عبدالرف کھوسو سمیت جامعہ کے اساتذہ، طلبا اور اہل محلہ کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

(جاری ہے)

تقریب کے بعد جامعہ کے احاطے میں معزز مہمانوں اور منتظمین نے پرچم کشائی کی۔ مدرسہ کے ہونہار طلبہ نے ملی نغمے، نعت، تقاریر اور ٹیبلوز پیش کیے۔ مقررین نے تحریک پاکستان کے اہم واقعات، اکابر علمائے کرام کی قربانیوں اور آزادی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے نوجوان نسل کو وطن کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔

مقررین نے کہا کہ معرکہ حق نے قوم میں نیا جوش جگا دیا اور آزادی کی خوشیاں بڑھا دیں، یہ محض عسکری کامیابی نہیں بلکہ نظریاتی فتح ہے،پاکستان بنانے میں علما کا بنیادی کردار تھا اور پاکستان کو مضبوط بنانے میں بھی مدارس اور علما کا کردار ناگزیر ہے۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آزادی کی حفاظت اور شہدا کے خوابوں کی تکمیل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔آخر میں ملکی سلامتی، ترقی، امن و یکجہتی اور سیکیورٹی اداروں کے جوانوں کی حفاظت و شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔