لاڑکانہ،پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی پر صوبائی وزیر سید ریاض حسین شاہ شیرازی کی قوم کو دلی مبارکباد

جمعرات 14 اگست 2025 19:50

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) صوبائی وزیر برائے اوقاف، مذہبی امور، زکوٰۃ و عشر سید ریاض حسین شاہ شیرازی نے پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر پوری قوم کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ کہ آج کا دن قومی یکجہتی، حب الوطنی اور عزمِ نو کی علامت ہے ، معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص کی وجہ سے اس بار عوام میں وطن سے محبت اور ترقی کے لیے نئے عزم کی فضا نمایاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی ہمیں اپنے اسلاف کی قربانیوں اور جدوجہد کی یاد دلا تی ہے جنہوں نے ایک آزاد اور خودمختار وطن کے خواب کو حقیقت بنایا۔ شہداء کی ان لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ سید ریاض حسین شاہ شیرازی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے ہم سب کو متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

قومی اتحاد ہماری سب سے بڑی طاقت ہے اور نوجوان نسل کو تعلیم، محنت اور دیانتداری کو اپنی زندگی کا شعار بنانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دنیا کا ایک مضبوط، خوشحال اور پرامن ملک بنانا ہمارا قومی مقصد ہے۔ ”معرکہ حق“ کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ اتحاد اور ایمان کے اعلیٰ جذ بہ سے ہی دشمن کو شکست دی جاسکتی ہے ،صوبائی وزیر نے وطن کا دفاع کرنے والی پاک افواج کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان قوم کا فخر ہیں۔انہوں نے مزید کہا آج کے دن ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کو ایک مضبوط اور خودمختار ریاست بنانے کے لیے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کی آزادی، سلامتی اور خودمختاری کو ہمیشہ قائم و دائم رکھے۔