پنجاب حکومت حضرت داتا گنج بخش کے عرس کی تقریبات کو شایانِ شان انداز میں منانے کے لئے تمام ممکنہ انتظامات کر رہی ہے،میاں مجتبیٰ شجاع الرحمٰن

جمعرات 14 اگست 2025 20:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) وزیر خزانہ پنجاب میاں مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے کہا ہے کہ حضرت داتا گنج بخش برصغیر میں اسلام کی ترویج، خدمتِ خلق اور محبت و رواداری کے لازوال پیغام کے عظیم علمبردار ہیں جن کی تعلیمات آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ وہ آج داتا دربار میں حضرت داتا گنج بخش کے عرس مبارک کی تقریبات کے سلسلہ میں منعقدہ محفلِ سماع کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیر نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور محفلِ سماع کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر انکے ہمراہ صوبائی وزیر برائے خوراک ہو مذہبی امور بلال یاسین بھی موجود تھے ۔ تقریب کے دیگر شرکا میں پنجاب حکومت کے اعلیٰ حکام، مذہبی شخصیات، مشائخ، علما اور بڑی تعداد میں زائرین موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ نے کہا کہ پنجاب حکومت، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر عرس داتا گنج بخش کی تقریبات کو شایانِ شان انداز میں منانے کے لیے تمام ممکنہ انتظامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حضرت داتا گنج بخش کی خانقاہ نے صدیوں تک انسانیت کو محبت، ایثار، علم اور اتحاد کا درس دیا ہے اور آج کے اس پر آشوب دور میں ہمیں ان تعلیمات کو اپنی زندگی کا حصہ بنا کر معاشرے میں امن و بھائی چارے کو فروغ دینا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عرس کی تقریبات نہ صرف مذہبی و روحانی اہمیت رکھتی ہیں بلکہ یہ پنجاب کے ثقافتی ورثے اور تاریخی شناخت کا بھی ایک اہم حصہ ہیں۔

محفلِ سماع میں ملک کے معروف قوال حضرات نے صوفیانہ کلام اور حمد و نعت پیش کر کے سماں باندھ دیا۔ محفل سماع کے اختتام پر پورے عالم اسلام اور خصوصاً پاکستان کی امن و سلامتی اور تحفظ کی دعائیں کی گئیں ۔ زائرین میں لنگر تقسیم کیا گیا۔ دربار کے احاطے میں زائرین کی سہولت کے لیے محکمہ اوقاف اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی، صفائی، روشنی اور دیگر ضروری سہولیات کے خصوصی انتظامات کیے گئے۔پنجاب حکومت نے عرس کے موقع پر آنے والے زائرین کے لیے خصوصی سہولت ڈیسک بھی قائم کیے ہیں، جبکہ محکمہ صحت کی جانب سے میڈیکل کیمپس اور ایمبولینسز کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔