آزادی ایک بڑی نعمت ہے اس کی قدر کرنی چاہئے،قاسم علی شاہ

وطن کی حفاظت کرنے والے شہداء کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھول سکتے ،قوم نے متحد ہو کر ہندوستان کو معرکہ حق میں وہ شکست دی ہے جسے دشمن کی نسلیں بھی یاد رکھیں گی ،خیبر پختونخوا کے وزیر سماجی بہبود سید قاسم علی

جمعرات 14 اگست 2025 20:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء)معر کہ حق اور جشن آزادی کے حوالے سے سول سیکرٹریٹ پشاور میں ایک تقریب کا انعقاد ہواجس میں خیبر پختونخوا کے وزیر سماجی بہبود سید قاسم علی شاہ نے وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈا پور کی نمائندگی کرتے ہوئے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی اور پرچم کشائی کی۔ تقریب میں صوبائی وزرا، مشیر خزانہ، مشیر انسدادِ بد عنوانی ،چیف سیکرٹری اور مختلف محکموں کے سیکرٹریز، اعلیٰ افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر سماجی بہبود سید قاسم علی شاہ نے وزیر اعلیٰ اور صوبائی حکومت کی طرف سے پوری قوم کو جشن آزادی کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ٓآزادی بہت بڑی نعمت ہے، اس پر جتنا بھی اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کریں کم ہے کیوں کہ یہ ہمیں مفت میں نہیں ملی بلکہ اس کی جدوجہد میں اس وقت کی مائوں بہنوں نے اپنے گھر اجاڑے اور نوجوانوں نے اپنی جوانیاں قربان کیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک کے حصول کے لئے قربانیاں دینے والے اور موجودہ وقت میں اس کی حفاظت کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی قربانیوں کو ہم کبھی نہیں بھولیں گے۔انہوں نے کہا کہ شہداء ہی کی قربانیوں کی وجہ سے ہم آج یوم آزادی منا رہے ہیں اور اپنے گھروں میں آرام کی نیند سوتے ہیں، ہمیں اپنی اس آزادی اور شہداء کی قربانیوں کی قدر کرنی چاہئے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ یہ ملک اسلامی روایات و ثقافت کے تحت زندگی بسرکرنے کے لئے حاصل کیا گیاہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کی یہ خوبصورتی ہے کہ چھوٹے موٹے اختلافات کے باوجودمشکل وقت میں متحد ہو جاتی ہے اور اس کی زندہ مثال حالیہ جنگ ہے جس میں قوم نے متحد ہو کر دشمن کو ایسا جواب دیا کہ اس کی آئندہ نسلیں بھی یا د رکھیں گی۔انہوں نے کہا کہ یہ ملک کلمے کے نام پر بنا ہے اور انشاء اللہ اس کو نہ کوئی توڑ سکتا ہے نہ کوئی کمزور کر سکتا ہے۔

پاکستان ایک ایسا ملک ہے جس میں اللہ نے سب کچھ رکھا ہے جنگلات بھی موجود ہیں ، معدنیات بھرے پڑے ہوئے ہیں اور جغرافیائی طور پر بھی یہ اہم خطے میں ہے تاہم پوری قوم نے اس ملک کی تعمیر و ترقی اور حفاظت کے لئے متحد ہونا ہے اور ملک کو ترقی یافتہ بنانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے اب تک دوررس اقدامات اٹھائے ہیں اور وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈا پور کی قیادت میں خیبر پختونخوا کا ہر آنے والا دن پچھلے دن سے بہتر ہوگا ۔

دریں اثناء ملک بھر کی طرح صوبہ خیبر پختونخوا کے تمام چھوٹے بڑے شہروں،قصبوں،اداروں میںاور عوامی مقامات پرمعرکہء حق اور یوم آزادی پورے جوش و جذبے سے منایا گیا۔جہاں پر پرچم کشائی کی گئی اور وطن عزیز کی حفاظت کے لئے جانیں قربان کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ملک کی سلامتی اور ترقی کے لئے دعائیں کی گئیں۔