شہدائے کربلا اور نواسہ رسولؐ حضرت امام حسینؓ کا چہلم عقیدت و احترام کے ساتھ آج منایا جائیگا

جمعرات 14 اگست 2025 21:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء)شہدائے کربلا اور نواسہ رسولؐ حضرت امام حسینؓ کا چہلم عقیدت و احترام کے ساتھ جمعہ 20 صفرکو منایا جائیگا۔ مرکزی مجلس صبح پاک محرم ہال کے زیر اہتمام نشترپارک میں ہوگی، مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا جو کہ اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیاں ایرانیاں کھارادرپر اختتام پذیر ہوگا۔

چہلم کے موقع پر سندھ بھر میں شبیہ علم و ذوالجناح کے جلوس نکالے جائیں گے۔ جلوس کی گزر گاہوں پر موبائل سروس جزوی طور پر بند رکھنے کے انتظامات کرلیئے گئے ہیں اور سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیئے گئے ہیں۔ کراچی میں سفینتہ المومنین ٹرسٹ کے تحت چہلم امام حسینؓ کی مجلس مسجد و امام بارگاہ شاہ نجف مارٹن روڈ میں ہوگی، بعد ازاں جلوس برآمد ہوگا جو گرومندر سے نشتر پارک پہنچ کر مرکزی جلوس میں شامل ہوجائیگا۔

(جاری ہے)

امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کراچی ڈویژن کی جانب سے نماز ظہریں باجماعت دوپہر 01:30 بجے مین ایم اے جناح روڈ نزدک تاج میڈیکل کمپلیکس حجت الاسلام والمسلمین مولانا ناظر عباس تقوی کی اقتدا میں ادا کی جائے گئی۔ جلوس کے راستہ میں پانی کی سبیلیں اور طبی کیمپ لگائے گئے ہیں۔ مرکزی جلوس سر شاہنواز بھٹو روڈ، فادر جیمس روڈ سے گزرے گا اور محفل شاہ خراساں پر آنے کے بعد اپنے روایتی راستوں نمائش، صدر، ایم اے جناح روڈ بولٹن مارکیٹ سے ہوکرامام بارگاہ حسینیاں ایرانیاں کھارادرپر اختتام پذیر ہوگا۔