وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے ایکسپو 2025 اوساکا میں پاکستان کا یوم آزادی منایا

جمعہ 15 اگست 2025 00:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے جمعرات کو ایکسپو 2025 اوساکا میں پاکستان کا یوم آزادی منایا، جس میں ملک کی اقتصادی ترقی اور جاپان اور عالمی برادری کے ساتھ تجارتی اور سرمایہ کاری کی شراکت داری کے وسیع مواقع پر روشنی ڈالی گئی۔ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان کے بھرپور ثقافتی ورثے، اس کی بڑھتی ہوئی صنعتی بنیاد، اور جاپان اور وسیع دنیا کے ساتھ مضبوط تجارتی اور سرمایہ کاری کی شراکت داری کے امکانات پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے جدت، ڈیجیٹل تبدیلی اور پائیدار ترقی کے وژن کے تحت معیشت کے مختلف شعبوں میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کس طرح پاکستان کی روایات اور جدید صنعتیں ملکی اور بین الاقوامی سطح پر قدر پیدا کرنے کے لیے ہم آہنگی کے ساتھ کام کرتی ہیں۔دریں اثنا، جاپانی اور بین الاقوامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے، انہوں نے ٹیکسٹائل اور چمڑے کے سامان سے لے کر سرجیکل آلات تک پاکستان کی برآمدی صلاحیتوں کا خاکہ پیش کیا، اور جدت کے لیے قومی مہم پر زور دیا۔

انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کے نئے صنعتی انقلاب کے آغاز اور پاکستان کی برآمدات میں نمایاں اضافہ کرنے کے وژن کا اعادہ کیا۔اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے وزیر اعظم نے تمام وزارتوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ملکی تاجروں اور سرمایہ کاروں کے لیے کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے کام کریں۔انہوں نے پاکستان پویلین کو فروغ دینے پر میڈیا کا شکریہ ادا کیا، جس نے اسے ایکسپو 2025 میں سب سے زیادہ دیکھے جانے والے پویلینز میں سے ایک بنانے، 10 لاکھ سے وزیٹر کو راغب کرنے کا سنگ میل کامیابی سے حاصل کیا ۔