روس سے مذاکرات میں ناکامی کا نتیجہ مزید ٹیرف کی صورت میں نکلے گا، امریکا کا بھارت کو انتباہ

جمعہ 15 اگست 2025 08:40

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) امریکا نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ اگر صدرڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان مذاکرات ناکام ہوئے تو وہ بھارت پر مزید ٹیرف عائد کرےگا۔بی بی سی کے مطابق امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسنٹ بلوم برگ کو ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ امریکا نے بھارت پر پہلے ہی اضافی 25 فیصد ٹیرف عائد کیے ہیں، جو مزید بڑھائے جا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ نے بتایا کہ امریکا کی جانب سے بھارت پر 25 فیصد ٹیرف پہلے ہی لگایا جا چکا ہے، جبکہ روس سے پیٹرولیم مصنوعات خریدنے کی پاداش میں اگلے چند دنوں میں اضافی 25 فیصد ٹیرف کا اطلاق بھی ہو جائے گا، جس کے بعد بھارت کو کل 50 فیصد ٹیرف کا سامنا ہو گا۔امریکی وزیر خزانہ کے مطابق اگر امریکا اور روس کے مذاکرات ناکام ہوئے تو بھارت پر مجموعی ٹیرف 50 فیصد سے بھی زیادہ ہو جائےگا۔سکاٹ بیسنٹ کا کہنا ہے کہ بھارت پر مزید اضافی ٹیرف کا انحصار ٹرمپ اور پوتن مذاکرات کے نتائج پر ہے۔