وادی نیلم میں سیلاب سے نقصان پر دل رنجیدہ ہے،بہت جلد سڑکیں اور رابطہ پل بحال کرائیں گے ،شاہ غلام قادر

جمعہ 15 اگست 2025 11:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ وادی نیلم میں سیلاب سے نقصان پر دل رنجیدہ ہے،بہت جلد سڑکیں اور رابطہ پل بحال کرائیں گے ۔یہاں جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ نیلم میں اس وقت سیلابی کیفیت ہے،عوام اپنے آپ کو محفوظ رکھیں،بہت جلد نقصان کا ازالہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

صدر پاکستان مسلم لیگ ن آزاد جموں و کشمیر شاہ غلام قادر نے نیلم ویلی میں نالہ جاگراں،رتی گلی ، دواریاں ، لوات اور دیگر علاقوں میں آنے والے شدید سیلابی ریلے کی وجہ سے پلوں، سڑکوں اور املاک کے نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ وادی نیلم میں کئی مقامات پر رابطہ سڑکیں منقطع ہو گئی ہیں، انتظامیہ فوری طور پر سڑک کی بحالی کے لیے اقدامات اٹھائے ، انتظامیہ اور حکومت تمام متاثرہ املاک کا جائزہ لے کر متاثرہ علاقوں میں بحالی کے اقدامات اٹھائے، نیلم ویلی کے نفیس عوام سیاحوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں،ٹوریسٹ پولیس مبارکباد کی مستحق ہیں جنہوں نے سیاحوں کو بروقت الرٹ رکھا،رتی گلی میں پھنسے سیاحوں کو نکالنے کے لیے عوام پولیس سے تعاون کریں۔