مظفرآباد کی بیٹی ،محدثہ نقوی کو یومِ آزادی کی قومی تقریبات میں‘‘پرائیڈ آف پاکستان’’ایوارڈ سے نوازا گیا

جامعہ کشمیر کی سابق طالبہ اس سے قبل بھی کئی بین الاقوامی اور کوئی ایوارڈ اپنے نام کرچکی ہیں، مبارکباد کا سلسلہ جاری

جمعہ 15 اگست 2025 15:55

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2025ء)جامعہ کشمیر کی سابق طالبہ، معروف سماجی رہنما، وکیل اور غیر منافع بخش تنظیم لیڈنگ ویژنریز کی بانی، سیدہ محدثہ نقوی کو حکومتِ پاکستان کی جانب سے ممتاز اعزاز پرائیڈ آف پاکستان ایوارڈ سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز اسلام آباد کے جناح اسٹیڈیم میں منعقدہ ''معرکہ حق'' اور یومِ آزادی کی شاندار تقریبات کے دوران صدرِ پاکستان، وزیرِاعظم پاکستان اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی موجودگی میں پیش کیا گیا۔

اس سال پرائیڈ آف پاکستان ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں علی فرید خواجہ، نادیہ پٹیل، ڈاکٹر فضل وحید، شاہدہ عباسی اور صابرہ گل سمیت متعدد نمایاں شخصیات شامل تھیں جنہیں ملک کی ترقی اور وقار میں نمایاں خدمات پر اعزازات سے نوازا گیا۔

(جاری ہے)

سیدہ محدثہ نقوی نے 2020ء میں لیڈنگ ویژنریز قائم کی، جو نوجوانوں میں قیادت کے فروغ اور پائیدار ترقی کے اہداف سے آگاہی کے لیے کام کرنے والی تنظیم ہے۔

2022ء میں انہوں نے امریکہ میں گلوبل انڈرگریجویٹ ایکسچینج پروگرام (UGRAD) میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ 2023ء میں وزیرِاعظم آزاد جموں و کشمیر نے نیشنل یوتھ ایمپاورمنٹ میں رضاکارانہ خدمات پر انہیں گولڈ میڈل سے نوازا۔ 2024ء میں وہ پاکستان کے 100 بااثر نوجوانوں کی فہرست میں شامل ہوئیں اور 2025ء میں 183 سے زائد ممالک کے شرکاء میں سے منتخب ہو کر یو پی جی سسٹین ایبلٹی لیڈرشپ پروگرام میں اپنے کوہورٹ میں اول آئیں، جس کے نتیجے میں انہیں امریکہ کے Hurricane Island USA کا مکمل اخراجات پر دورہ حاصل ہوا۔

جامعہ کشمیر سے ایل ایل بی گولڈ میڈلسٹ ہونے کے ناطے وہ تعلیمی میدان میں بھی نمایاں کارکردگی کی حامل ہیں اور نوجوانوں کی ترقی، قیادت کی تربیت، صنفی مساوات اور عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند کرنے کے لیے سرگرم ہیں۔ایوارڈ ملنے پر سیدہ محدثہ نقوی نے اس اعزاز پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا اور اسے اُن تمام افراد کے نام کیا جنہوں نے زندگی میں کبھی بھی کسی بھی صورت میں ان کا ساتھ دیا۔ انہوں نے یہ اعزاز اپنی مرحومہ والدہ کے نام بھی کیا، جن کی دعا اور رہنمائی کو انہوں نے اپنی سب سے بڑی طاقت قرار دیا۔