Live Updates

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بھی طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی ، 18افراد جاں بحق ، متعدد زخمی

جمعہ 15 اگست 2025 17:02

مظفرآباد /گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2025ء)آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بھی طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی جس کے نتیجے میں 18افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر میں مختلف واقعات میں 8 افراد جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوئے جن میں مظفرآباد کے ایک ہی خاندان کے 6 افراد بھی شامل ہیں۔

کلاؤڈ برسٹ سے رتی گلی کی سڑک مختلف مقامات سے بہہ گئی، رتی گلی بیس کیمپ میں متعدد سیاح پھنسے ہوئے ہیں۔نیلم اور لوات نالے پر تین، تین رابطہ پل بہہ گئے، آزاد کشمیر کو راولپنڈی سے ملانے والی شاہراہ کوہالہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہوگئی، مختلف مقامات پر 30 سے زائد مکانات، دکانیں اور دیگر املاک تباہ ہوئیں۔

(جاری ہے)

خراب موسم کے باعث سیاحوں کو واپس جانے سے روک دیا گیا ہے۔

وزیر اطلاعات آزاد کشمیر مظہر سعید کے مطابق سیاحتی مقام رتی گلی میں 5 سو سے زائد سیاح پھنسے ہوئے ہیں، تمام سیاح محفوظ ہیں۔ رپورٹ کے مطابق آٹھ مقام میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث متعدد رابطہ سڑکیں بند ہوئیں ،شاہراہ نیلم پر ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہوئی،بالائی علاقوں میں بجلی اور فون کا نظام بھی متاثر رہا۔بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے پیش نظر متاثرہ اضلاع میں دو روز تمام سرکاری اور نجی اسکول بند رہیں گے۔

گلگت بلتستان میں مختلف حادثات میں 10 افراد جاں بحق ہو گئے۔غذر میں سیلاب سے 8 اور ضلع دیامر میں 2 بہن بھائی جاں بحق ہوئے۔مرکزی بجلی گھر نلتر اسٹیشن سیلاب کے باعث تباہ ہو گیا، پاور اسٹیشن بند ہونے سے شہر تاریکی میں ڈوب گیا۔گلگت بلتستان کی حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ سڑکوں کی بحالی کا کام جاری ہے، سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ہنزہ میں شیشپر گلیشیئر پگھلنے سے حسن آباد نالے کے دونوں اطراف سے کٹاؤ کا سلسلہ جاری رہا۔انتظامیہ نے مکانوں کو خالی کرنے کا نوٹس دے دیا ہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات