خیبرمیڈیکل یونیورسٹی میں 78 ویں یومِ آزادی کی پُروقاراور رنگا رنگ تقریب کاانعقاد

جمعہ 15 اگست 2025 17:41

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) پشاور کے زیرِ اہتمام 78ویں یومِ آزادی پاکستان کی مناسبت سے ایک شاندار، پروقار اور رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے کی جبکہ اس موقع پر رجسٹرار کے ایم یو انعام اللہ خان وزیر کے علاوہ مختلف اداروں کے سربراہان،ڈینز،فیکلٹی ممبران، انتظامی افسران اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز پرچم کشائی اورقومی ترانے کی اجتماعی اور پُرعزم ادائیگی سے ہوا، جس نے ماحول کو حب الوطنی کے جذبے سے سرشار کر دیا۔ بعد ازاں وائس چانسلر کی قیادت میں یومِ آزادی واک کا انعقاد کیا گیا جس میں شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم تھامے ’’پاکستان زندہ باد اور افواج پاکستان زندہ باد ‘‘ کے نعرے بلند کیے۔

(جاری ہے)

78ویں یومِ آزادی پاکستان کی مناسبت سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے یونیورسٹی کے لان میں پودابھی لگایا۔

بعد ازاں واک اور تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے کہا کہ یومِ آزادی کو جوش و خروش سے منانا زندہ قوموں کی پہچان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے آباؤ اجداد نے بے شمار قربانیاں دے کر یہ وطن حاصل کیا اور اب اس کی حفاظت، ترقی اور استحکام ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ وائس چانسلر نے افواجِ پاکستان کو معرکہ حق میں شجاعت اور قربانیوں پر خراجِ تحسین پیش کیا اور طلباء کو قائداعظم کے پیغام اتحاد،ایمان اور تنظیم پر عمل پیراہونے کی ہدایت کی ۔

انہوں نے طلباء کو علامہ اقبال کی شاعری کے مطالعے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ اس میں آزادی کا حقیقی فلسفہ اور پیغام پوشیدہ ہے۔ انہوں نے طلباء و طالبات کو بہترین اور پُراثر پروگرام پیش کرنے پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ ہمارے نوجوان اس نوعیت کی تعمیری اور مثبت سرگرمیوں کو مزید فروغ دے کر جذبہ حب الوطنی کا ثبوت دیں گے۔