اعصابی امراض کی بروقت تشخیص اور علاج سےکئی پیچیدگیوں سےبچا جا سکتا ہے،ڈاکٹر راجہ مسعود صادق

جمعہ 15 اگست 2025 18:07

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) اعصابی امراض کی بروقت تشخیص اور ان کے مؤثر علاج سےکئی پیچیدگیوں سےبچا جا سکتا ہے۔ان خیالات کا اظہارنیورو سرجن پروفیسر ڈاکٹر راجہ مسعود صادق نے ایک مقامی فلاحی تنظیم کے زیراہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ اعصابی نظام کی بہتری کے لیے متوازن غذا،ورزش، ذہنی دباؤ میں کمی اور نیند کی پابندی انتہائی اہم ہیں۔

جدید طرزِ زندگی میں موبائل فون اور کمپیوٹر کے طویل استعمال سے پیدا ہونے والی جسمانی و ذہنی تھکن، پٹھوں میں کھچاؤ، اور یادداشت کی کمزوری جیسے مسائل بھی اعصابی صحت کو متاثر کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں اعصابی امراض جیسے فالج، مرگی، دماغی رسولی اور پارکنسن کی بیماری کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

ان امراض سے بچاؤ کے لیے عوام کو نہ صرف صحت مند طرزِ زندگی اپنانا چاہیے بلکہ باقاعدہ طبی معائنہ بھی کروانا چاہیے۔

انہوں نے زور دیا کہ حکومت، طبی ادارے، اور فلاحی تنظیمیں مل کر ایسے آگاہی پروگرام ترتیب دیں جن سے عام آدمی کو اعصابی نظام کی حفاظت کے بارے میں مکمل رہنمائی حاصل ہو سکے۔پروفیسر ڈاکٹر راجہ مسعود صادق نے کہا کہ اگر معاشرہ مجموعی طور پر صحت کے اصولوں پر عمل کرے تو نہ صرف اعصابی امراض کی شرح میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے بلکہ ایک ذہنی و جسمانی طور پر مضبوط قوم تشکیل دی جا سکتی ہے۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء کو اعصابی صحت سے متعلق آگاہی مواد بھی فراہم کیا گیا اور مفت طبی مشاورت کا اہتمام کیا گیا۔