پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے، مل کر محبت، امن اور بھائی چارے کا پیغام عام کرنا ہوگا ،سردار رمیش سنگھ اروڑہ

جمعہ 15 اگست 2025 18:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) صوبائی وزیراقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے، یومِ آزادی صرف تاریخ نہیں بلکہ ایک عہد کی تجدید ہے ،وزیراعلی مریم نواز کی قیادت میں اقلیتی کمیونٹی کیلئے ریکارڈ اقدامات کئے گئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز سیالکوٹ میں جشن آزادی کی مناسبت سے منعقدہ ایک روزہ یوتھ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

کانفرنس میں ممبر منیارٹی ایڈوائزری کونسل سردار جسکرن سنگھ سدھو، پاسٹر الائنس چیئرمین ریورینڈ ویپس گل اور مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں اور مذہبی اقلیتوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے جشنِ آزادی کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا اور شرکاء کو مبارکباد پیش کی۔

(جاری ہے)

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ یومِ آزادی صرف ایک تاریخ نہیں بلکہ ایک عہد کی تجدید ہے کہ ہم سب مل کر پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ قومی پرچم کا سبز اور سفید رنگ اس بات کی علامت ہے کہ پاکستان میں تمام شہری چاہے وہ کسی بھی مذہب، نسل یا عقیدے سے تعلق رکھتے ہوں برابر ہیں، سبز رنگ مسلم اکثریت کی نمائندگی کرتا ہے جبکہ سفید رنگ مذہبی اقلیتوں کی مساوی شمولیت اور عزتِ نفس کی علامت ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں مذہبی اقلیتوں کو مکمل آزادی حاصل اور ان کی عبادت گاہیں محفوظ ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں اقلیتی کمیونٹی کے لیے ریکارڈ اقدامات کیے گئے ہیں جن میں عبادت گاہوں کی تزئین و آرائش، اقلیتی طلبہ کے لیے تعلیمی وظائف، روزگار کے مواقع اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی میں تمام طبقات کا کردار اہم ہے، ہمیں مل کر محبت، امن اور بھائی چارے کا پیغام عام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں ان قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو ہمارے بزرگوں نے ایک آزاد اور پرامن ملک کے لیے دیں۔تقریب کے اختتام پر قومی یکجہتی اور پاکستان کی ترقی کے لیے خصوصی دعابھی کی گئی۔