کشمیری خواتین بھارت کے مظالم کے خلاف ڈٹی ہوئی ہیں، ریحانہ خان

جمعہ 15 اگست 2025 19:11

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2025ء) آزاد جموں و کشمیر وویمن کمیشن کی چیئرپرسن ریحانہ خان نے کہا ہے کہ 15 اگست کشمیری عوام کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، کیونکہ اس روز بھارت نے کشمیری عوام کی مرضی کے خلاف ان کی سرزمین پر غیر قانونی قبضہ جمایا ہوا ہے۔ یومِ سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجی طاقت نے گزشتہ سات دہائیوں سے کشمیری عوام، بالخصوص خواتین اور بچوں کو ظلم و بربریت کا نشانہ بنایا ہے۔

(جاری ہے)

محترمہ ریحانہ خان نے کہا کہ کشمیری خواتین اپنے مردوں کے شانہ بشانہ جدوجہدِ آزادی میں مصروف ہیں اور بھارتی جبر و استبداد کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بنی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہ صرف انسانی حقوق پامال کر رہا ہے بلکہ خواتین کی عزت و حرمت کو بھی نشانہ بنا رہا ہے، جو بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ وادی میں جاری بھارتی مظالم اور آبادیاتی تناسب کی تبدیلی کی سازشوں کا فوری نوٹس لے۔ کشمیری عوام، خاص طور پر خواتین، حقِ خودارادیت کے حصول تک یومِ سیاہ مناتی رہیں گی تاکہ دنیا کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ ہم اپنے حقوق سے پیچھے نہیں ہٹیں گی''۔