نئی نسل اسلام اور پاکستان سے اپنا رشتہ مضبوط بنائے، راشد قریشی

پاکستان قائداعظم ،ان کے رفقا کی عظیم جدوجہد اور لاکھوں مسلمانوں کی قربانیوں سے بنا ،آزاد وطن کی قدر کی جائے :ایگزیکٹو ڈائریکٹر الخدمت کا خطاب

جمعہ 15 اگست 2025 19:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2025ء) الخدمت آغوش ہوم میں’’78 ویں یومِ آزادی پاکستان ‘‘کے موقع پر ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں آغوش ہوم کے بچوں نے وطن سے محبت کا بھرپور اظہار کیا۔ تقریب میں بچوں نے ’’جدوجہد آزادی پاکستان ‘‘ کے عنوان سے تقاریر کیں ،بچوں نے ٹیبلوز اور ملی نغمے بھی پیش کیے ،آغوش ہوم کو یوم آزادی کے موقع پر شاندار انداز میں سجایا گیا تھا ،جبکہ بچوں نے اسی دن کی مناسبت سے لباس زیب تن کیے تھے،بچوں میں جھنڈیا ں اور بیجز بھی تقسیم کیے گئے ۔

بچوں نے کراٹے شو پیش کر کے اپنے فن کا مظاہرہ کیا ۔یوم آزادی کی تقریب کے مہمان خصوصی ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی تھے۔تقریب میں ڈائریکٹر آغوش ہوم عبدالرحمن فدا، چیئر مین سندھ ٹیکنیکل ایجوکیشن بورڈ مشرف احمد، ڈائریکٹر سندھ سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ محمود احمد، نامور ماہرِ نفسیات ڈاکٹر انیتا ایوب، سماجی کارکن جواد حسن، اور جماعت اسلامی گلشن معمار کے رہنما ابو الخیر موجودتھے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کر تے ہوئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر الخدمت کراچی راشد قریشی نے کہا کہ یہ ملک بڑی قربانیوں کے بعد معرض وجود میں آیا ۔پاکستان بنانے کیلئے قائد اعظم محمد علی جناح ،ان کے رفقا نے عظیم جدوجہد کی اور لاکھوں مسلمانان برصغیر نے اپنی جانوں کی قربانیاں دیں ۔نئی نسل اسلام اور پاکستان سے اپنا رشتہ مضبوط بنائے ۔انہوں نے کہا کہ آزادی کا دن آپ بچوں کو یہ درس دیتا ہے کہ آپ آزاد وطن اور آزادی کی قدر کریں ،تعلیم حاصل کریں اور اس ملک کا روشن مستقبل بنیں کیونکہ مستقبل میں آپ لوگوںنے ہی اس ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہے ۔

منیجر آغوش ہوم محمد فارق نے تمام مہمانوں کی آمد کا شکر یہ ادا کیا، انہوں نے کہا الخدمت آغوش ہوم ہرسال یوم آزادی کو شایان شان طریقے سے منایا جاتا ہے تاکہ یہ بچے بھی جشن آزادی کی خوشیوں میں شریک ہوسکیں۔ان میں بھی وطن عزیز کی اہمیت کو اجاگر کیا جاسکے اور انہیں آزادی کا مقصد اورمفہوم سمجھنے کاموقع ملے ۔تقریب کے اختتام پر تعلیم ،کھیلوں اور مختلف شعبوں میں سارا سال بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بچوں میں انعامات تقسیم کیے گئے بعدازاں تمام مہمانوں کو آغوش ہوم کا دورہ کروایا گیا اور ٓغوش ہوم کے قیام کا مقصد اور وہاں میں بچوں کو دی جانے تعلیم وتربیت سے متعلق بریفنگ دی گئی ۔