Live Updates

رواں مون سون میں 164 جاں بحق، 582 زخمی، 216 گھر متاثر، 121 مویشی ہلاک

جمعہ 15 اگست 2025 19:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اگست2025ء)وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر پی ڈی ایم اے پنجاب نے مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے متعلق فلڈ فیکٹ شیٹ جاری کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 17 اگست تک صوبے کے بڑے دریاؤں میں پانی کے اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں بارش کے اعداد و شمار کے مطابق مری میں 28 ملی میٹر، راولپنڈی میں 22 ملی میٹر، نارووال میں 13 ملی میٹر جبکہ لاہور اور سیالکوٹ میں 11 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

دریائے سندھ (کالاباغ، تربیلا، تونسہ) میں نچلے درجے کا سیلاب، دریائے سندھ (چشمہ) میں درمیانے درجے کا سیلاب، دریائے چناب (خانکی، مرالہ) اور دریائے ستلج (گنڈا سنگھ والا) میں نچلے درجے کا سیلاب، جبکہ دریائے راوی و جہلم میں پانی کا بہاؤ نارمل ہے۔

(جاری ہے)

رودکوہیوں اور ندی نالوں کی صورتحال بھی نارمل ہے۔تربیلا ڈیم 96 فیصد، منگلا ڈیم 67 فیصد اور بھارتی ڈیمز 70 فیصد تک بھر چکے ہیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے، بچوں کو برساتی نالوں، نشیبی علاقوں، دریاؤں اور نہروں میں نہانے سے روکنے کی ہدایت کی ہے۔یاد رہے، رواں مون سون سیزن میں بارشوں سے متعلقہ مختلف حادثات میں 164 شہری جاں بحق، 582 زخمی، 216 گھر متاثر اور 121 مویشی ہلاک ہوئے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے تحت متاثرہ خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات