14 اگست صرف خوشی اور جشن کا دن نہیں بلکہ یہ قربانی، ایثار اور یکجہتی کا پیغام ہے، ڈپٹی کمشنر منصور احمد

جمعہ 15 اگست 2025 21:39

پشین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر منصور احمد نے کہا ہے کہ 14 اگست صرف خوشی اور جشن کا دن نہیں بلکہ یہ قربانی، ایثار اور یکجہتی کا پیغام ہے۔ قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کے خواب اور قیادت کی بدولت ہمیں ایک آزاد مملکت کا قیمتی تحفہ ملا، جس کی بنیاد ایمان، اتحاد اور قربانی پر رکھی گئی۔وہ یومِ آزادی کی مرکزی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جو پشین کے ریسٹ ہاوس میں نہایت تزک و احتشام سے منعقد ہوئی۔

اس موقع پر پورا ڈی سی ریسٹ ہاوس سبز ہلالی پرچموں، برقی قمقموں اور ملی نعروں سے گونج رہا تھا۔ تقریب میں ایس پی پولیس حلیم اچکزئی، اراکین صوبائی اسمبلی، ضلعی افسران، معزز شہری اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے علاوہ طلبا و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر منصور احمد نے کہا کہ آزادی ہمیں ہمارے دین، ثقافت اور شناخت کے مطابق زندگی گزارنے کا حق دیتی ہے، اور یہ حق لاکھوں شہدا کے خون کی بدولت ملا۔

افواجِ پاکستان اور تمام سیکیورٹی فورسز نے ہر دور میں مادرِ وطن کے تحفظ کے لیے جان کی بازی لگائی۔افواج پاکستان،بلوچستان لیویز فورس، پولیس اور دیگر اداروں کی قربانیاں ہماری تاریخ کا روشن باب ہیں، جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی ہمیں یاد دلاتا ہے کہ یہ ملک بڑی قربانیوں اور طویل جدوجہد کے بعد حاصل ہوا۔

آزادی کا یہ چراغ روشن رکھنے کے لیے ہمیں اتحاد، قربانی اور محنت کی راہ پر گامزن رہنا ہوگا۔ قومیں وہی ترقی کرتی ہیں جو اپنی آزادی کی قدر پہچانتی ہیں اور اس کے استحکام کے لیے متحد ہو کر کام کرتی ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ پاکستان کا مستقبل آپ کے کردار، تعلیم اور محنت سے وابستہ ہے۔ قومی وحدت، قانون کی پاسداری اور مثبت سوچ ہی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی۔

تقریب کا آغاز پرچم کشائی سے ہوا، جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر منصور احمد اور اراکین اسمبلی نے کی، جبکہ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے پرچم کو سلامی پیش کی۔ فضا "پاکستان زندہ باد" کے نعروں سے گونج اٹھی۔ اس موقع پر قومی ترانہ بجایا گیا اور شرکا نے احترام کے ساتھ کھڑے ہو کر ہم آواز ہو کر اسے گایا۔طلبا و طالبات نے وطن سے محبت کے جذبے سے سرشار تقاریر، جوشیلی ملی نغمے اور خوبصورت ٹیبلوز پیش کیے، جن میں قیامِ پاکستان کی جدوجہد، برصغیر کے مسلمانوں کی قربانیاں اور دفاعِ وطن کا جذبہ بھرپور انداز میں دکھایا گیا۔

شرکا نے طلبا کی محنت اور جذبے کو خوب سراہا۔تقریب کے اختتام پر یومِ آزادی کا کیک کاٹا گیا اور ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی گئی۔ ڈی سی ریسٹ ہاوس کے ہر گوشے میں حب الوطنی کی فضا چھائی رہی اور شرکا نے وطن سے وفاداری کے عزم کا اعادہ کیا۔