ایبٹ آباد،کمشنر ہزارہ کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے حوالہ سے اجلاس

جمعہ 15 اگست 2025 22:15

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) کمشنر ہزارہ فیاض علی شاہ کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے حوا لہ سے جمعہ کے روز اجلاس ہوا جس میں ستمبر سے ہزارہ ڈویژن میں شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کی تیاریوں اور حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا،اجلاس میں نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے کوآرڈینیٹر کیپٹن (ر) ناصر اور ایڈیشنل سیکرٹری صحت/صوبائی کوآرڈینیٹر ایمرجنسی آپریشن سینٹر شفیع اللہ نے خصوصی شرکت کی،اجلاس کے دوران ہزارہ ڈویژن میں حالیہ مثبت پولیو سیمپلز اور ان کے تدارک سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی،شرکاء کو آگاہ کیا گیا کہ پولیو کے خاتمے کے لئے فوری،مربوط اور مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں،کمشنر ہزارہ نے تمام ڈپٹی کمشنرز،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کو ہدایت کی کہ وہ انسداد پولیو مہم کے معیار کو مزید بہتر بنائیں،جعلی فنگر مارکنگ سے مکمل اجتناب کریں،شفاف اور درست معلومات فراہم کریں اور فیلڈ ٹیموں کو اعتماد کے ساتھ کام کرنے کا ماحول مہیا کریں تاکہ وہ مؤثر اور حقیقی رپورٹنگ یقینی بنا سکیں،انہوں نے کہا کہ پولیو کے خلاف جنگ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے،اپنے بچوں کو اس خطرناک مرض سے محفوظ رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں،انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ انسداد پولیو مہم کو قومی فریضہ سمجھ کر انجام دیں،اجلاس کے اختتام پر صوبائی کوآرڈینیٹر شفیع اللہ نے بتایا کہ ڈاکٹر جہانگیر کو ہزارہ ڈویژن کے لیے فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے جو پولیو ٹیموں کو تکنیکی معاونت فراہم کریں گے۔