ویں پیغامِ امن کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ، اہم شخصیات کی شرکت

پیغامِ امن جیسے ٹورنامنٹس نوجوان نسل کے کردار سازی کے لیے سنگ میل ہیں،آل پاکستان متحدہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن

جمعہ 15 اگست 2025 22:24

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2025ء)کراچی یونیورسٹی کے زیرِ اہتمام KU-Rian سوسائٹی اور آل پاکستان متحدہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (APMSO) KU سیکٹر کے اشتراک سے منعقد ہونے والے 20ویں پیغامِ امن کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ شاندار اور پرجوش ماحول میں اختتام پذیر ہوا، جس میں نوجوانوں کا جوش، عوام کی محبت اور مہمانانِ خصوصی کی موجودگی نے تقریب کو یادگار بنا دیا۔

اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے فعال و متحرک رکنِ سندھ اسمبلی ارسلان پرویز نے نوجوان کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور گراؤنڈ کا مکمل دورہ کیا، کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھایا اور عوام میں گھل مل کر تقریب کو دوستانہ اور محبت بھرا رنگ دیا۔اپنے تفصیلی خطاب میں ارسلان پرویز نے کہا کہ کراچی کے نوجوان اس شہر کا اصل سرمایہ ہیں اور کھیلوں کے ذریعے امن، بھائی چارہ اور مثبت سوچ کو فروغ دینا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ''پیغامِ امن'' جیسے ٹورنامنٹس نوجوان نسل کے کردار سازی کے لیے سنگ میل ہیں، کیونکہ یہ صرف کھیل نہیں بلکہ ایک فکری و سماجی مہم ہے جو دلوں کو جوڑتی اور فاصلے کم کرتی ہے۔ انہوں نے منتظمین KU-Rian سوسائٹی اور اے پی ایم ایس او KU سیکٹر کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ نوجوانوں کی ہر مثبت سرگرمی میں عملی تعاون جاری رکھیں گے۔

تقریب میں ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما و رکنِ قومی اسمبلی امین الحق، کشور زہرا، سبین غوری، عادل عسکری، شارق جمال، اے پی ایم ایس او کے انچارج حافظ شہریار، وائس چانسلر ڈاکٹر خالد عراقی، مختلف شعبہ جات کے اساتذہ، تنظیمی عہدیداران اور بڑی تعداد میں طلبہ و عوام نے شرکت کی۔میچ کے اختتام پر ارسلان پرویز نے کامیاب ٹیم کو ٹرافی پیش کی، نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو خصوصی انعامات اور اسناد سے نوازا، جبکہ اس موقع پر کھلاڑیوں اور عوام کے ساتھ ان کی تصاویر اور سیلفیاں تقریب کی خوبصورت یادوں کا حصہ بن گئیں۔

شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ارسلان پرویز جیسے قائدین کی سرپرستی میں شہر کراچی کے نوجوان مزید جوش و جذبے کے ساتھ کھیلوں اور مثبت سرگرمیوں میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔