گورنر سندھ کا بونیر میں سیلاب سے قیمتی انسانی جا نی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

جمعہ 15 اگست 2025 20:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے خیبر پختونخوا کے ضلع بونیر میں حالیہ بارشوں اورسیلاب سے قیمتی انسانی جانی اور املاک کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔جمعہ کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا پیغام بھیجا۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ بونیر میں سیلاب سے ہونے والے جانی نقصان پر دل انتہائی افسردہ ہے، متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے قدرتی آفات کے موقع پر قومی یکجہتی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسے موقع پر پوری قوم کو متحد ہو کر متاثرین کی مدد کرنی چاہیے۔انہوں نے خیبر پختونخوا میں سیلاب کے باعث نقصانات کے حوالہ سے وزیر اعلی خیبر پختونخوا سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں اور بحالی کے اقدامات کے حوالہ سے ہر ممکن تعاو ن کی پیشکش بھی کی۔