جشن آزادی امن مشاعر ہ :مسیحی و مسلم شعراءکی جانب سے ملی یکجہتی کا شانداراظہار

جمعہ 15 اگست 2025 20:30

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) کیتھولک کمیشن برائے بین المذاہب و بین الکلیسائی مکالمہ پاکستان کے زیراہتمام جشن آزادی کے سلسلہ میں ایک شاندار امن مشاعر ہ کا انعقاد کیا گیا جس میں جنوبی پنجاب بھر سے نامور شعراء وادیبوں نے شرکت کی۔ تقریب کی صدارت چیئرمین کمیشن اور بشپ آف ملتان یوسف سوہن نے کی جبکہ مشاعر ہ کی نشست کی صدارت معروف شاعر رضی الدین رضی کے حصے میں آئی۔

تقریب میں فادر ڈینیئل تاج، ایگزیکٹیو سیکرٹری سیموئیل کلیمنٹ، علامہ سید مجاہد عباس گردیزی، پروفیسرعبدالماجد وٹو،سرفرازکلیمنٹ، امروز گل، بشارت عباس قریشی، علامہ عبدالحنان حیدری، پیر عبید صدر پوری اور شازرگل سمیت مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات شریک ہوئیں۔

(جاری ہے)

مشاعر ہ میں شعراء نے اپنے کلام کے ذریعے امن، محبت اور یکجہتی کا پیغام دیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بشپ یوسف سوہن نے کہا کہ پاکستان کی تعمیرو ترقی میں مسیحی برادری کا کردار نہایت قابلِ فخر ہے۔ یہ وطن ہم سب کا ہے، اوراس کی ترقی، خوشحالی اور امن و امان کے لیے ہر شہری کو مل جل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ادبی تقریبات معاشرے میں برداشت اور ہم آہنگی کے فروغ کا موثر ذریعہ ہیں، اور شاعری دلوں کو جوڑنے کی طاقت رکھتی ہے۔