کھیلوں کی ہر تنظیم کو جشن آزادی کے اہم دن پر کھیلوں کے مقابلے منعقد کروانے چاہئیں ، صباء شمیم جدون

جمعہ 15 اگست 2025 20:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن ویمن کمیشن کی رکن صباء شمیم جدون نے کہا ہے کہ کھیلوں کی ہر تنظیم کو جشن آزادی کے اہم دن پر کھیلوں کے مقابلے منعقد کروانے چاہئیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لیزر سٹی باؤلنگ کلب میں آزادی کپ ٹین پن باؤلنگ چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آزادی کا یہ دن ملک کے کونے کونے میں ہر کسی کو دھوم دھام سے منایا چاہئے ، اس دن کی بہت بڑی اہمیت ہے اور ہمارے آباؤ اجداد نے جان و مال کی قربانیاں دے کر یہ ملک پاکستان حاصل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بننے کے بعد بھی ہماری مسلح افواج، پولیس اور سکیورٹی فورسز کے اداروں کے جوانوں نے اس ملک کی حفاظت کے لیے اپنی اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ۔ انہوں نے پاکستان ٹین پن باؤلنگ فیڈریشن کے صدر اعجاز الرحمن کو آزادی کپ ٹین پن باؤلنگ چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ صباء شمیم جدون ، جو پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن ویمنز ونگ کی رکن بھی ہیں ، نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ چیمپئن شپ میں ملک بھر سے مرد اور خواتین کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔