وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا ریاستی درجے کی بحالی کیلئے دستخطی مہم شروع کرنے کا اعلان

جمعہ 15 اگست 2025 21:20

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے علاقے کی ریاستی حیثیت کی بحالی کے مطالبے پر زور دینے کیلئے گھر گھر دستخطی مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق عمر عبداللہ نے آج سری نگر کے بخشی اسٹیڈیم میں بھارتی یوم آزادی کی نام نہاد تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ بھارتی سپریم کورٹ نے ریاست کا درجہ بحال کرنے کی درخواست کی حالیہ سماعت کے دوران مودی حکومت کو جواب دینے کے لیے آٹھ ہفتوں کا وقت دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں اس موقع پر جو تبصرے کیے گئے وہ افسوسناک تھے ، ریاستی درجے کی بحالی کو پہلگام واقعے سے جوڑ دیا گیا جسکا کوئی جواز نہیں ہے۔ عبداللہ نے کہا کہ کشمیریوں کو اس جرم کی سزا کیوں دی جا رہی ہے جس میں انکا کوئی ہاتھ نہیں ہے، ہمیں پہلگام حملے کی سزا کیوں دی جا رہی ہے جبکہ جب یہ واقعہ ہوا تو کٹھوعہ سے لیکر کپواڑہ تک لوگ اسکے خلاف احتجاج کیلئے سڑکوں پر نکل آئے۔

(جاری ہے)

عمر عبداللہ نے کہا کہ ہم ریاستی درجے کی بحالی کیلئے آج سے دستخطی مہم شروع کر رہے ہیں اور تمام 90 اسمبلی حلقوں میں گھر گھر جا ئیں گے اور ٹھیک آٹھ ہفتوں بعد اس دستخطی مہم کی دستاویزات سپریم کورٹ میں جمع کرائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ اگر لوگ ریاستی درجے کی بحالی کی دستاویز پر دستخط نہیں کریں گے تو میں شکست قبول کروں گا۔