فارم 47حکومت نے عوام بنیادی سہولیات سے محروم کررکھا ہے ،کبیر افغان

بھونڈے انداز میں زروزور کے ذریعے مسلط حکومت نے عوام پر روزگار ،کاروبار تجارت کے دروازے بند کردیئے،رہنماء پشتونخوا ملی عوامی پارٹی

جمعہ 15 اگست 2025 21:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2025ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان نے ضلع کوئٹہ سریاب تحصیل کے مختلف تنظیمی اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فارم 47کی حکومت نے عوام بنیادی سہولیات سے محروم رکھا ہے ، بھونڈے انداز میں زروزور کے ذریعے مسلط حکومت نے عوام پر روزگار ،کاروبار تجارت کے دروازے بند کردیئے جو کہ نہ صرف عوام کے معاشی قتل بلکہ بدامنی کو فروغ دینے کے مترادف ہے ۔

کوئٹہ شہر صوبائی دارالحکومت ہونے کے باوجود یہاں کے شہری تعلیم، صحت ، پینے کے صاف پانی ، بجلی ، گیس سے محروم ہے۔ سٹریٹ کرائمز ، چوری ، ڈکیتی ، بدامنی ، لاقانونیت ، ٹارگٹ کلنگ ، اغواء برائے تاوان کے واقعات اور امن وامان کی ابتر صورتحال کے باعث شہری جان ومال کے سنگین مسئلے سے دوچار ہیں ۔

(جاری ہے)

پولیس کوئٹہ شہر میں جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی میں ملوث ہیں ، ٹریفک پولیس شہریوں کو تنگ کرنے، دستاویزات کے باوجود موٹر سائیکل، گاڑیاں ضبط کرنے ، بھاری برقم چالانیں دینے اور شہریوں کو زدوکوب کرنے میں مصروف ہیں ۔

رشوت خوری سرعام سڑکوں پر جاری ہے جس کا نوٹس لینا آئی جی پولیس ، ڈی آئی جی پولیس کی ذمہ داری ہے ۔ پارٹی کارکن اپنے تنظیمی فعالیت کو دوبالا کرے اور ہر سطح پر یونٹس کے اجلاسوں کو بروقت یقینی بنائیں ۔اس موقع پر پارٹی کے دیگرضلعی ، تحصیل ،علاقائی رہنمائوں نے بھی خطاب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں انٹرنیٹ کی بندش نے نہ صرف تاجروں بلکہ طلباء سمیت ہر شعبہ زندگی کے صارفین کو شدید مشکلات سے دوچار کررکھا ہے ۔

آن لائن تعلیم، تجارت ، بینکنگ سسٹم مکمل مفلوج ہوچکا ہے ۔ پشتون عوام کے ذریعے معاش زراعت اور باڈر ٹریڈ سے منسلک تھا زراعت کی تباہی بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور قحط سالی کے باعث تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے جبکہ باڈر ٹریڈ پر قدغنوں نے ہزاروں خاندانوں کو فاقوں پر مجبور کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ، تجارت ، کاروبار سب کچھ بند کردیا گیا ہے صوبے میں خوف وہراس پھیلایا گیا ہے۔

کوئٹہ شہر میں حالیہ دنوں شدید خوف وہراس کے باعث والدین بھی شدید ذہنی کوفت کا شکار بن چکے ہیں۔ اسی طرح بازاروں میں ہجوم نہ ہونے کے برابر ہے بازار مکمل سُن سان اور کاروبار ٹھپ ہوکر رہ گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت امن وامان میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے اور اسی حکومت جو دھاندلی اور زروزور کی بنیاد پر قائم ہو اس سے امن وامان قائم کرنے کی امید رکھا احمقوں کے جنت میں رہنے کے مترادف ہے ۔