افغانستان کی فتح اور آزادی کی چوتھی سالگرہ کی تقریب میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی خصوصی شرکت

ہفتہ 16 اگست 2025 00:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2025ء) افغانستان کی فتح اور آزادی کی چوتھی سالگرہ کی تقریب میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں گورنر نے کہا کہ افغانستان ہمارا برادر ملک ہے اور پاکستان اس میں امن و ترقی کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں امن و ترقی سے عوام خوشحال ہوں گے اور اس کے ثمرات پورے خطے پر مرتب ہوں گے۔

(جاری ہے)

گورنر فیصل کریم کنڈی نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔ افغان مہاجرین کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان پرامن اور بہتر طریقے سے ان کی واپسی چاہتا ہے اور اپنے افغان بھائیوں کی خدمت میں کبھی کوئی کمی نہیں کی۔ انہوں نے بتایا کہ ہزاروں افغان طلبہ پاکستان کی جامعات میں زیر تعلیم ہیں، جبکہ وہاں کے مریض علاج کے لیے پاکستان آتے ہیں، انہوں نے کہا کہ افغانستان میں ویزا مسائل کے حل کے لیے کوششیں جاری ہیں، اسی مقصد کے تحت وزیر خارجہ و ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی دو مرتبہ افغانستان کا دورہ کر چکے ہیں۔