Live Updates

پی ڈی ایم اے پنجاب نے مون سون سیلاب کی صورتحال بارے فیکٹ شیٹ جاری کردی

ہفتہ 16 اگست 2025 17:27

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2025ء) وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے پیشِ نظر پی ڈی ایم اے پنجاب نے مون سون سیلاب کی صورتحال بارے فیکٹ شیٹ جاری کردی ۔ترجمان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مری، راولپنڈی، سیالکوٹ اور بہاولپور میں بارش ریکارڈ کی گئی۔آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں شدید بارشوں کی پیشگوئی ہے جبکہ بالائی پنجاب کے اضلاع میں کلاوڈ برسٹنگ کے بھی خدشات ہیں۔

مون سون بارشوں کا ساتواں اسپیل قدرے زیادہ مضبوط ہے،اس دوران طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے ولنرایبل اضلاع کی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں اور کہا ہے کہ بارشوں کے دوران ریسکیو و ریلیف ادارے فیلڈ میں موجود رہیں۔

(جاری ہے)

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ دریائے سندھ میں تربیلا اور تونسہ کے مقام پر نچلے درجے جبکہ کالاباغ اور چشمہ کے مقام پر درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔

ڈی جی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائے چناب ،جہلم اور راوی میں پانی کا بہائو نارمل سطح پر ہے جبکہ رودکوہیوں اور بڑے دریائوں سے ملحقہ ندی نالوں میں بھی پانی کا بہائو نارمل سطح پر ہے۔ ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ تربیلا ڈیم 98 فیصد جبکہ منگلا ڈیم 68 فیصد تک بھر چکاہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی کہ موسم برسات میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ بچوں کا خیال رکھیں انہیں برساتی نالوں نشیبی علاقوں دریائوں اور نہروں میں ہرگز مت نہانے دیں۔ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں پنجاب میں مون سون بارشوں کے باعث کوئی جانی و مالی نقصان رپورٹ نہیں ہوا ۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات