ڈپٹی کمشنر کا ڈسٹرکٹ جیل فیصل آباد کا دورہ ، قیدیوں کی صحت و فلاح کے حوالے سے اجلاس

ہفتہ 16 اگست 2025 18:33

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2025ء) ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے ڈسٹرکٹ جیل فیصل آباد کا دورہ کیا اور قیدیوں کی صحت و فلاح کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔ ہفتہ کو منعقدہ اجلاس میں ڈسٹرکٹ، بورسٹل اور سینٹرل جیل کے سپرنٹنڈنٹس، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شہباز اور دیگر متعلقہ افسران و ڈاکٹرز شریک ہوئے۔اجلاس میں قیدیوں کے لئے ادویات کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے، قیدیوں کی باقاعدہ میڈیکل اسکریننگ اور جیلوں میں ڈاکٹرز کی کمی فوری طور پر پوری کرنے کے فیصلے کئے گئے۔

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ہر ماہ جیلوں میں میڈیکل اسکریننگ کیمپس کا انعقاد کیا جائے تاکہ قیدیوں کی صحت کے مسائل بروقت حل ہو سکیں۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے جیل کی مختلف بیرکس کا معائنہ کیا اور خواتین قیدیوں کے لئے نئی عمارت کا بھی جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے قیدیوں کی فنی تربیت کے لئے جاری سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا اور قیدیوں کی کوکنگ کلاسز میں شرکت کی جہاں انہوں نے قیدیوں کے تیار کردہ کھانے کا ذائقہ بھی چکھا۔

ڈپٹی کمشنر نے جیل میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے قیدیوں کی فلاح و بہبود کے لئے مزید اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے جیل انتظامیہ کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت قیدیوں کو بنیادی سہولیات اور ہنرمند بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔

متعلقہ عنوان :