کراچی گولڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ جلد منعقد کیا جائے گا، خواجہ اظہار الحسن

کراچی اور سندھ ہاکی معاملات پر وزیر کھیل سے ملاقات کریں گے،شرمیلا فاروقی

ہفتہ 16 اگست 2025 18:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2025ء) معرکہ حق جشن آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام یوم آزادی مینزاور ویمنز میچزعبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے۔ان میچوں میں پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق اسٹاراولمپئنز اور نوجوان کھلاڑیوں سمیت گرلز کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نے بھر پور شرکت کی اور ایونٹ کو چارچاند لگا دئیے جبکہ حیدرآبادسے خاص طور پرکراچی آئی ہوئی ویمنز کھلاڑٰیوں نے بھی میچ میں حصہ لیا۔

اختتامی تقریب کی مہمان خصوصی ممبر قومی اسمبلی اورکراچی ہاکی ایسوسی ایشن ویمن ونگ کی صدر محترمہ شرمیلا فاروقی تھیں جبکہ تقریب کی صدارت کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر اور ممبر قومی اسمبلی خواجہ اظہار الحسن نے کی،اس موقع پر سابق ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد،کے ایچ اے ایڈوائزری بورڈکے رکن افضال حمید،شجاعت شیروانی،میاں انور نور،سیکریٹری کے ایچ اے ابو ذرامراؤ، اولمپئن کامران اشرف،اولمپئن قمر ابراہیم، اولمپین کاشف جواد، اولمپین سمیر حسین، لطافت حسین شاہ، فاروق خان، انٹرنیشنل محمد علی خان، معروف ٹی وی اسپورٹس اینکر یحییٰ حسینی، عظمت پاشا، جنید اسلم، طارق خان، محمد واحد، کیپٹن شہباز، ارشاد حیدر، شاہین فاطمہ،زرقا روبی،شاہین سلطانہ،حمیرا حفیظ،ناصرہ کلیم،سیدہ خانم اور متعددانٹر نیشنل و نیشنل ہاکی کھلاڑی بھی موجودتھے۔

(جاری ہے)

مہمان خصوصی شرمیلا فاروقی کا کہنا تھا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں ویمنز ہاکی کے فروغ کے لئے بھر پور اقدامات کی ضرورت ہے،ملٹی نیشنل کمپنیز اور کارپویٹ سیکٹرکو اس جانب آگے آنا چاہئے،کراچی اورسندھ ہاکی کی بہتری کے لئے ہم بہت جلد خواجہ اظہار الحسن کی سربراہی میں وفد کی صورت میں صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش خان مہر سے ملاقات کریں گے اورانہیں ہاکی کی اصل صورت حال سے آگاہ کریں گے،خواتین ہاکی کھلاڑیوں کے لئے الگ گراؤنڈکی بات بھی کی جائے گی،مجھے خواتین کو ہاکی کھیلتے دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے،میں سمجھتی ہوں کہ سندھ میں بھی ویمنز ہاکی کا بہت ٹیلنٹ موجودہے جسے بھر پورسپورٹ کی ضرورت ہے۔

صدر تقریب خواجہ اظہار الحسن نے اپنے خطاب میں کہا کہ کراچی میں ہاکی کے ٹورنامنٹس کا تواترکے ساتھ انعقادکیا جا رہا ہے۔جلد ہی تین مزید ایونٹس منعقدکئے جائیں گے جن کا ہوم ورک مکمل کر لیا گیا ہے،کراچی گولڈکپ ہاکی ٹورنامنٹ بھی جلد منعقدکیا جائے گا۔کراچی اورسندھ کو جلد ہی ماضی کی طرح ہاکی کا گہوارہ بنائیں گے،تاکہ کراچی سے دوبارہ نیشنل اور انٹر نیشنل کھلاڑی سامنے آسکیں اور اولمپکس میں بھی یہاں سے نمائندگی شامل ہو۔

کھیلے گئے پہلے میچ میں کراچی ویٹرنز الیون نے کراچی ایسٹ کو سخت اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد1-0سے شکست دے کر میچ جیتا۔میچ کا واحداورفیصلہ کن گول اولمپئن سمیر حسین نے اسکور کیا تھا۔ویمنز ہاکی میچ میں فاطمہ جناح الیون نے بیگم رعنا لیاقت علی خان کو تین گولز سے شکست دی۔فاتح ٹیم کی جانب سے تینوں گول رشدہ نے اسکور کئے۔حیدرآبادہاکی ٹیم کی شیریں آصف کوبیسٹ پلیئرقرار دیا گیا۔ ایمپائرنگ کے فرائض فرحان رضااور ظفیر احمد نے، جبکہ نظامت کے فرائض شاہد پرویز نے انجام دئیے ۔