سیلاب کی تباہ کاریوں نے قوم کو شدید کرب اور اذیت میں مبتلا کردیا ہے،قاضی فیض رسول

ہفتہ 16 اگست 2025 18:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2025ء) تحریک اہلِ سنت پاکستان کے سربراہ پیر صاحبزادہ قاضی محمد فیض رسول رضا حیدر رضوی ، صوبائی چیئرمین رابطہ کمیٹی پیر سید ارشدعلی شاہ کاظمی القادری ودیگر قائدین نے افسوس اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں نے پورے ملک کو شدید کرب اور اذیت میں مبتلا کردیا ہے، خصوصاً سوات،بونیر، کشمیر،گلگت بلتستان کے متاثرہ علاقے بدترین صورتحال کا شکار ہیں، سینکڑوں اموات ہوچکی ہیں،مال مویشی گھر ، گاڑیاں سیلاب کی نذر ہوگئی ہیں، لاکھوں افراد بے گھر اور بنیادی ضروریاتِ زندگی سے محروم ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ وقت سیاسی انتشار اور ذاتی مفادات کا نہیں بلکہ قومی یکجہتی اور خدمتِ انسانیت کا ہے، حکومت، اپوزیشن، فلاحی ادارے اور صاحبِ حیثیت افراد سب کو مل کر متاثرین کی مدد کرنی ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحریک اہلِ سنت پاکستان اپنے کارکنان کے ذریعے ریلیف سرگرمیوں میں بھرپور کردار ادا کررہی ہے اور ہر ممکن کوشش ہے کہ متاثرہ عوام تک خوراک، ادویات اور دیگر ضروری سامان پہنچایا جائے۔

پیر قاضی محمد فیض رسول رضا رضوی نے قوم سے اپیل کی کہ اپنے بھائیوں اور بہنوں کو تنہا نہ چھوڑیں، یہ وقت آزمائش کا ہے اور اللہ تعالیٰ کی رحمت و نصرت صبر اور ایثار کرنے والوں کے ساتھ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ان قدرتی آفات سے سبق سیکھتے ہوئے اپنی انفرادی و اجتماعی زندگی کو اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی اطاعت کے مطابق ڈھالنا ہوگا، کیونکہ نجات اور استقامت کا یہی واحد راستہ ہے۔ آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سیلاب متاثرین کی مشکلات آسان فرمائے، ان کی جان و مال کی حفاظت فرمائے اور پاکستان کو ہمیشہ اپنے حفظ و امان میں رکھے۔