ملک کی حفاظت ایمان، اتحاد اور قربانی کے جذبے سے ہی ممکن ہے، مفتی فیضا ن شفیع

ہفتہ 16 اگست 2025 18:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2025ء)جامعہ ابوہریرہ للبنات والبنین سرجانی میںجشنِ آزادی کے سلسلے میں پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں طلبہ نے اصلاحی ٹیبلوز، ملی نغمے اور ولولہ انگیز تقاریر پیش کر کے سامعین کی بھرپور توجہ اور داد حاصل کی۔تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا، جس کے بعد ادارے کے سربراہ مفتی محمد فیضان شفیع نے پرچم کشائی کی اور ملک و ملت کی سلامتی، ترقی و استحکام کے لیے خصوصی دعا کرائی۔

اپنے خطاب میں انہوں نے کہاکہ آزادی اللہ تعالیٰ کا انمول تحفہ اور شہداء کی عظیم قربانیوں کا ثمر ہے۔ اس کی حفاظت ایمان، اتحاد اور قربانی کے جذبے سے ہی ممکن ہے۔ نوجوان نسل کو چاہیے کہ وہ اپنی زندگیوں کو اسلامی تعلیمات، اعلیٰ اخلاق اور خدمتِ وطن کے جذبے سے مزین کریں۔

(جاری ہے)

آج کا دن ہمیں یہ عہد دہرانے کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار بھرپور جذبے کے ساتھ ادا کریں۔

تقریب کے اختتام پر طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے اور اجتماعی طور پر ملی ترانہ پیش کیا گیا، جس میں شرکاء نے وطن سے محبت اور قومی یکجہتی کے جذبات کو مزید محسوس کیا۔ تقریب میں موجود اساتذہ، طلبہ اور والدین نے بچوں کی کارکردگی کو سراہا اور جشنِ آزادی کے موقع پر وطن کی ترقی و خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔