پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی مبینہ غفلت، رائے ونڈ میں پیشہ وربھکاریوں کی یلغار جاری

ہفتہ 16 اگست 2025 20:52

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2025ء)پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی مبینہ غفلت، رائے ونڈ میں پیشہ وربھکاریوں کی یلغار جاری ،عالمی تبلیغی مرکز بازار میں سینکڑوں گداگروں نے غیر ملکی مہمانوں کا گزرنا محال کردیا ،پیشہ ورخواتین گداگر غیر ملکی مہمانوں کیلئے دردسر بن گئیں ،شہر بھر میں سینکڑوں گداگروں نے شہریوں کا جینا دوبھر کردیا ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ سمیت دیگر اداروں کی مجرمانہ غفلت کے باعث ان دنوں رائے ونڈ سینکڑوں پیشہ ور بھکاریوں نے ڈیرے ڈال لئے ہیں شہر کے تجارتی مراکز میں جنوبی پنجاب سمیت سندھ سے آنیوالے سینکڑوں خواتین ومرد پیشہ ور بھکاریوں نے شہریوں کے ناک میں دم کررکھا ہے خوبروبھکارنیں تجارتی مراکز میں بھیک مانگتی نظرآرہی ہیں عالمی تبلیغی مرکز بازار میں پیشہ وربھکاریوں کے غول پھرتے ہیں عالمی تبلیغی مرکز میں دعوت وتبلیغ کی غرض سے آنیوالے مندوبین کو پیشہ وربھکاری پریشان کرتے نظر آتے ہیں غیر ملکی مہمانوں سے ڈالر ،ریال اور دینار مانگے جاتے ہیں بخشیش نہ دینے والے غیر ملکی مہمانوں کے کپڑے کھینچے جاتے ہیں انہیں مختلف حیلوں بہانوں سے تنگ کیا جاتا ہے جس سے ملک وقوم کی ساکھ بری طرح متاثر ہو رہی ہے ادھر ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے پیشہ وربھکاریوں کے خلاف چلائی گئی مہم سے مکمل ہاتھ اٹھا لیا ہے جس سے شہر کے ہر چوک ،گلی ،محلوں اور بازاروں میں پیشہ وربھکاریوں کے غول دندناتے پھرتے ہیں ،جنوبی پنجاب سے آنیوالے پیشہ وربھکاریوں کے گروہ میں خوبرولڑکیاں بھی شامل ہیں جو مختلف انداز اپنا کر بھیک مانگتی ہیں انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت کے باعث رائے ونڈ میں گداگروں کی یلغارعروج پرہے ، پیشہ ور گداگروں کے خلاف چلائی جانیوالی مہم دم توڑ چکی ہے شہر کے اہم مقامات پر گداگروں کا قبضہ ہے تبلیغی مرکز ،ماڈل بازار،مین بازار،سندر روڈ ،مانگا روڈ سمیت دیگر اہم علاقوں میں پیشہ ور گداگر قابض ہیں شہریوں نے رائے ونڈ میں پیشہ ور گداگروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔