کسان اتحاد کی گندم کی کاشت سے قبل سرکاری ریٹ نہ بڑھانے پر احتجاج کی دھمکی

ہفتہ 16 اگست 2025 20:53

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2025ء) کسان اتحاد پاکستان کے چیئرمین خالد حسین باٹھ نے کہا ہے کہ زرعی ٹیوب ویلوں کوشمسی توانائی پر منتقل کرنے کے حکومتی وعدوں کے باوجود نصیرآباد کے زمینداروں کو تاحال رقم کی ادائیگی نہیں کی گئی ہے زرعی ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے سے پہلے ہی بجلی کے کنکشن کاٹ دیئے گئے ہیں جس سے زمینداروں کی فصلات خشک ہونے سے انہیں کروڑوں روپے کے نقصان کا سامنا ہے،رواں سال حکومت کی جانب سے گندم کا ریٹ مقرر نہ کرنے کی وجہ سے زمینداروں کو مالی نقصان کا سامناکرنا پڑا حکومت نے اگر گندم کی کاشت سے پہلے سرکاری ریٹ نہ بڑھایا تو چاروں صوبوں میں احتجاج کریں گے۔

یہ بات انہوں نے ہفتہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

یہ بات انہوں نے ہفتہ کو زمینداروں کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ نصیر آباد کے زمینداروں کو شمسی کی مد میں ملنے والی رقم تا حال نہیں ملی شمسی کی رقم ملنے سے قبل ہی ٹیوب ویلز کے کنکشن کاٹ دیئے گئے اور بجلی تھری فیز کی بجائے ٹو فیز پر چل رہی ہے اور تمام زرعی ٹیوب ویلز بند پڑے ہیں اور ربیع کینال میں بھی پانی نہ ہونے کی وجہ سے بیرون کا پانی بند ہے جس سے زراعت مقامی آبادی اور جانور پانی کی عدم دستیابی سے متاثر ہورہے ہیں مقررہ وقت پر پانی نہ ملنے سے فصلیں تباہ ہورہی ہے اور پینے کا پانی بھی میسر نہیں صوبائی وزیر ایریگیشن کی پانی کی فراہمی کی یقین دہانی پر زمینداروں نے فصلیں کاشت کیں پانی دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے بیج ضائع ہوگیا ہماری خواتین کسان مردوں کے شانہ بشانہ کام کرتی ہے ان کے استعداد کار کو بڑھانے کے لئے ترقیاتی پروجیکٹ ہنر مندانہ صلاحیتی دستکاری سینٹر، زرعی ورکشاپ کا کوئی بندوبست نہیں ہے اور زراعت کے شعبے میں زمینداروں کسانوں اور خواتین کسانوں کے لئے کوئی ترقیاتی منصوبہ نہیں کہ جس سے وہ مستفید ہوسکیں ۔

انہوں نے کہا کہ ربیع کینال اور دریا ناڑی بولان میں جنریٹر ڈیزل انجن چلانے والے زمیندار اور کسانوں کے لئے سولر انرجی پروگرام کا اعلان کیا جائے تاکہ انہیں بھی اس سہولت سے فائدہ حاصل ہوسکے۔ نصیر آباد ڈویژن کے اکثر اضلاع خشک آبہ والی اراضیات ہیں جن کے لئے بلڈوزر گھنٹوں کی ضرورت ہے وہ دیئے جائیں محکمہ زراعت ضلعی سطح پر زمینداروں اور کسانوں کے لئے بہتر اور مثبت پالیسیاں ترتیب دے واٹر مینجمنٹ اور اچھا معیاری بیج، زرعی آلات کے لئے مدد فراہم کریں ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت گندم کی کاشت سے قبل گندم کا سرکاری ریٹ مقرر کرے بصورت دیگرکسان اتحاد پاکستان چاروں صوبوں میں احتجاج کرنے پر مجبور ہوگا۔ایک سوال کے جواب میں خالد حسین باٹھ نے کہا کہ چینی مافیا کے خلاف کسان اتحاد نے احتجاج کیا جس کے باعث چینی کی قیمت کم ہوئی اور احتجاج کی وجہ سے چینی درآمدنہیں کی گئی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ محکمہ زراعت اور محکمہ آبپاشی میں اربوں روپے کی کرپشن ہورہی ہے اور کوئی پوچھنے والا نہیں ہے نیب ،اینٹی کارپشن دونوں محکموں میں ہونیوالی کرپشن کی تحقیقات کرے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت زرعی شعبے اور اس سے وابستہ لوگوں کی بہتری اور حالت زار کو بدلنے کیلئے موثر اقدامات اٹھائے زرعی شعبے کو ماضی کی طرح آج بھی نظر انداز کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے بلوچستان کا گرین بیلٹ نصیر آباد ڈویژن آج زبوں حالی کا شکار ہونے کے ساتھ ساتھ بنجر ہورہا ہے۔