یوم آزادی منانے کا مقصدیہ ہے کہ نسل نو میں اسلاف کی قربانیوں کو اجاگر کرنا ہے، فیضان شہزاد

ہفتہ 16 اگست 2025 23:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2025ء)اگست یوم آزادی پاکستان ہمیں اپنے اکابرین اور بانیان پاکستان کی عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، یہ وہ تاریخی دن ہے کہ برصغیر کے مسلمانوں نے سن 1857 سے شروع ہونے والی ایک طویل جدوجہد کے بعد اپنی علیحدہ شناخت کیلئے جدوجہد کی، جو 1947 میں قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں کامیاب ہوئی۔

ہم نے یہ ملک بے پناہ قربانیوں سے حاصل کیاہے۔ یوم آزادی منانے کامقصد یہ ہے کہ نسل نو میں اسلاف کی قربانیوں کو اجاگر کیا جائے۔ہمیں ہر سطح پر اپنے ملک کی ترقی، خوشحالی اور خود مختاری کیلئے کام کرنا ہوگا۔قوم کی عزت کا براہ راست تعلق اس کی تعلیمی استعداد اور معیارسے ہوتا ہے۔ ہمیں تعلیمی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے بہتر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ ہم عالمی سطح پر مسابقت کر سکیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار مسلم اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے سابق ناظم سندھ فیضان شہزاد، ناظم کراچی فیضان قریشی،ناظم عمومی کراچی حنظلہ عثمانی ناظم اطلاعات کراچی سردار مبشر عباسی اور دیگر ذمہ داران نے یوم آزادی کے موقع پر نکالی جانے والی LOVE پاکستان طلبہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اللہ پاک کی طرف سے مسلمانوں کے لیے بہت بڑا انعام ہے جو لازوال قربانیوں کے بدلے میں ہمیں عطا فرمائی۔

مملکت خداداد پاکستان علامہ اقبال اور قائد اعظم محمد علی جناح، علامہ شبیر احمدعثمانی و دیگر علما کی کوششوں کا ثمرہ ہے۔ آج کے اس تاریخی دن MSO پاکستان اپنے تحریک پاکستان کے شہدا سے یہ وعدہ کرتی ہے کہ ان شااللہ وطن عزیز پاکستان کی خدمت میں کوئی کمی نہیں چھوڑیں گے اور غلبہ اسلام و استحکام پاکستان کیلئے محنت و کوشش جاری رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان کو قائد و اقبال کا حقیقی فلاحی اور اسلامی پاکستان بنایا جائے۔

اس کے لیے ضروری ہے کہ نوجوانوں میں شعور و آگہی کو عام کیا جائے تاکہ ملک پستی کی جانب سے نکل کر ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔ لسانی تعصب سے نکل کر ہمیں اپنے ملک میں اتحاد و یگانگت کو فروغ دینا ہو گا۔ مختلف ثقافتوں، مذاہب اور زبانوں کے لوگوں کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر پاکستان کی تعمیر و ترقی میں حصہ ڈالنا ہوگا۔