چینی کوہ پیما گوان جِنگ کی لاش بازیاب، سی ایم ایچ سکردو منتقل ،الپائن کلب آف پاکستان

ہفتہ 16 اگست 2025 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2025ء) الپائن کلب آف پاکستان (اے سی پی) نے تصدیق کی ہے کہ چینی کوہ پیما گوان جِنگ کی لاش بازیاب کر لی گئی ہے اور اسے سی ایم ایچ سکردو کے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے۔الپائن کلب آف پاکستان کے سینئر نائب صدر کرار حیدری کے مطابق گوان جِنگ جو 7 ستمبر 1987 کو پیدا ہوئیں، 12 اگست 2025 کو اس وقت جاں بحق ہوئیں جب کے ٹو سر کرنے کے بعد واپسی کے دوران اُن کے سر پر پتھر گرنے سے شدید چوٹ آئی۔

(جاری ہے)

خراب موسم کے باعث ابتدائی طور پر پیدل امدادی ٹیم روانہ کی گئی تاہم بعد ازاں پاک فوج کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے کونکورڈیا سے لاش کو نکالا گیا۔ان کی لاش ایڈوانسڈ بیس کیمپ سے 100 سے 150 میٹر اوپر تقریباً 5,400 میٹر کی بلندی پر ملی۔الپائن کلب کے سینئر نائب صدر کرار حیدری نے گوان جِنگ کے اہلِ خانہ، دوستوں اور عالمی کوہ پیمائی برادری سے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اُن کی موت کو ایک انتہائی افسوسناک سانحہ قرار دیا۔