فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن کے سید فیصل سمیع نے نیشنل پریس کلب میں شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا

ہفتہ 16 اگست 2025 22:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2025ء) فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن یوکے، یورپ اور کینڈا ریجن کے ہیڈسید فیصل سمیع نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے لان میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کر دیا۔ہفتہ کوپریس کلب آمد پر پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ، صدر این پی سی اظہر جتوئی، ممبران گورننگ باڈی عامر رفیق بٹ، تنویر شہزاد و دیگر نے سید فیصل سمیع کا استقبال کیا۔

اس موقع پر سید فیصل سمیع کا فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن کے حوالے سے بریف کرتے ہوئےکہنا تھا کہ انکی تنظیم یوکے ، یورپ، کینڈا سمیت دنیا بھر میں امدادی کاموں میں مصروف عمل ہے، یہ واحد اسلامی امدادی تنظیم ہے جسے یوکے کے 19 ایوارڈز مل چکے ہیں اور ایسا کوئی ایوارڈ باقی نہیں بچا جو اسے نہ ملا ہوجو کہ اسکی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ انکی تنظیم غزہ کے نہتے اور مظلوم لوگوں کیلئے پانی اور کھانا فراہم کر چکی ہےجبکہ سردیوں میں بیس ہزار افراد کیلئے سامان بھیجا گیا تھا، ملک میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو سترہ ہزار گھر تعمیر کر کے دے چکے ہیں۔ اس موقع پر پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچنے کیلئے شجرکاری اہم ذریعہ ثابت ہو سکتی ہے، درخت لگانا نہ صرف سنت رسول ﷺہے بلکہ صدقہ جاریہ بھی ہے۔

این پی سی کے صدر اظہر جتوئی نے سید فیصل سمیع کوپریس کلب آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن برطانیہ اور یورپ میں جس طرح کام کر رہی ہےاس سے پاکستان کا روشن چہرہ دنیا کے سامنے پیش کرنے میں مدد مل رہی ہے،یہ دکھی انسانیت کی خدمت کا فرض ادا کر رہے ہیں اور انکا یہ سفر کامیابی سے جاری ہے۔ این پی سی کی سیکرٹری نیئر علی نے کہا کہ نیشنل پریس کلب کی یہ روایت ہے کہ وہ پاکستان کا نام روشن کرنے والی نمایاں شخصیات کی ہمیشہ پزیرائی کرتا ہے، فیضان گلوبل ریلیف فاؤنڈیشن دنیا بھر میں پاکستان کا سوفٹ امیج بہتر بنانے میں اپنا اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

تقریب کے اختتام پر افضل بٹ، اظہر جتوئی اور نیئر علی نےسید فیصل سمیع کو نیشنل پریس کلب کی طرف سےیادگاری شیلڈ پیش کی۔