ٹیکسلا پولیس کی کارروائی میں انتہائی مطلوب اشتہاری عامر شاہ ہلاک

اتوار 17 اگست 2025 10:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2025ء) ٹیکسلا کے علاقے میں پولیس کی کارروائی کے دوران انتہائی مطلوب اشتہاری عامر شاہ ہلاک ہو گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والا اشتہاری ایک درجن سے زائد قتل کے مقدمات میں ملوث اور مختلف قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا۔ راولپنڈی پولیس کے ترجمان کے مطابق سی سی ڈی ٹیم کو اطلاع ملی تھی کہ عامر شاہ اپنے ساتھی کے ہمراہ ٹیکسلا میں موجود ہے۔

(جاری ہے)

پولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے اہلکاروں پر فائرنگ شروع کر دی جس پر پولیس کی جوابی کارروائی میں عامر شاہ ہلاک ہو گیا جبکہ اس کا ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گیا۔ ترجمان کے مطابق ہلاک ملزم جہلم میں اے این ایف کے افسران کو شہید کرنے، جاتلی اور سرگودھا میں تہرے قتل سمیت سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔ پولیس حکام نے فرار ہونے والے ساتھی کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ سی پی او سید خالد ہمدانی نے خطرناک ملزمان کی فائرنگ کے باوجود بہادری سے فرائض کی انجام دہی پر سی سی ڈی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جان و مال پر حملہ کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔