بابر اور رضوان آئوٹ‘ایشیا کپ کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان کردیاگیا

ٹیم کی قیادت ایک بار پھر آل راؤنڈر سلمان آغا کے سپرد‘شاہین شاہ آفریدی اور سفیان مقیم شامل

اتوار 17 اگست 2025 11:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2025ء)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز اور ایشیا کپ کے لیے 17 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ہیڈ کوچ مائیک ہیسن اور چیف سلیکٹر عاقب جاوید نے اتوار کو لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران ٹیم کا باضابطہ اعلان کیا۔اہم بات یہ ہے کہ بابراعظم اور محمد رضوان دونوں کھلاڑی اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں۔

ٹیم کی قیادت اس بار آل راؤنڈر سلمان آغا کے سپرد کی گئی ہے جو پہلی بار قومی ٹیم کو کسی بڑے ٹورنامنٹ میں لیڈ کریں گے۔

(جاری ہے)

منتخب کھلاڑیوں میں سلمان علی آغا (کپتان)، ابرار احمد، فہیم اشرف، فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، حسن نواز، حسین طلعت، خوشدل شاہ، محمد حارث (وکٹ کیپر)، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، صاحبزادہ فاران، صائم ایوب، سلمان مرزا، شاہین شاہ آفریدی اور سفیان مقیم شامل ہیں۔سلیکشن کمیٹی کے مطابق اسکواڈ نوجوان اور سینئر کھلاڑیوں کے امتزاج پر مشتمل ہے تاکہ ٹیم کو نئی توانائی کے ساتھ میدان میں اتارا جا سکے۔شائقین کرکٹ کے لیے یہ اعلان حیران کن بھی ہے کیونکہ کئی سالوں بعد بابر اعظم اور رضوان جیسے بڑے نام کسی بڑے ایونٹ میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔