سینٹرل کنٹریکٹس 2025-26: پرفارمنس پر فیصلہ، کئی کرکٹرز فارغ، نئے ناموں کی انٹری متوقع

کسی بھی فارمیٹ سے دور بھاگنے والوں کے معاہدے منسوخ ہوں گے، ذرائع

اتوار 17 اگست 2025 11:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2025ء)قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹس 2025-26 پرفارمنس کی بنیاد پر کئی کھلاڑیوں کی چھٹی یقینی ہوگئی، کئی نئے کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹس ملنے کا امکان ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئندہ سیزن کے لیے سینٹرل کنٹریکٹس 2025-26 پر مشاورت کا عمل حتمی مرحلے میں داخل کر دیا ہے، جس کے دوران کھلاڑیوں کی پرفارمنس کو بنیادی معیار قرار دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ناقص کارکردگی دکھانے والے متعدد کھلاڑیوں کے معاہدے ختم ہونے کا امکان ہے جبکہ کئی نئے اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو پہلی بار سینٹرل کنٹریکٹ دینے کی تجویز زیر غور ہے۔ پی سی بی کے کوچز، ڈائریکٹرز اور فنانس ڈپارٹمنٹ اس حوالے سے تفصیلی مشاورت کر رہے ہیں۔ تینوں فارمیٹس میں مستقل جگہ نہ بنانے والے کھلاڑیوں کو آئندہ کنٹریکٹس میں شامل نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ حسن نواز، محمد حارث، صفیان مقیم، حسن علی، فہیم اشرف اور فخر زمان سمیت کئی کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹس میں شامل کیے جانے کا امکان ہے جبکہ حسین طلعت، خوشدل شاہ، محمد نواز اور صاحبزادہ فرحان کے نام بھی زیر غور ہیں۔دوسری جانب عامر جمال، محمد حریرہ، حسیب اللہ، عثمان خان اور محمد علی کے لیے جگہ بنانا مشکل دکھائی دے رہا ہے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ یہ سینٹرل کنٹریکٹ کے تین سالہ فنانشل ماڈل کا آخری سال ہوگا اور کھلاڑیوں کی حتمی فہرست چیئرمین پی سی بی کی منظوری کے بعد باضابطہ طور پر جاری کی جائے گی۔