پاکستانی برآمد کنندگان ویژن 2030 کے تحت سعودی فنڈنگ کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں،سیف الرحمان

اتوار 17 اگست 2025 13:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2025ء) وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر سیف الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستانی برآمد کنندگان اپنے کولڈ سٹوریج، پیکیجنگ اور لاجسٹکس کو سعودی ویژن 2030 کے تحت خلیج تعاون کونسل کے معیارات کے مطابق اپ گریڈ کرنے کے لیے ٹیکنالوجی کی منتقلی اور فوڈ پراسیسنگ میں سرمایا کاری کے لیے سعودی فنڈنگ کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

ویژن 2030 کے تحت تیل پر انحصار کم کرنے اور خوراک کی سپلائی چین کو وسعت دینے کے لیے پاکستان حلال تصدیق شدہ غذائی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کے لیے اچھی پوزیشن میں ہے۔ جدہ سے اتوار کو یہاں موصول ہونے والے ایک پیغام کے مطابق سیف الرحمان، جو غذائی مصنوعات کے ایکسپورٹرز کے وفد کے ہمراہ سعودی عرب کے دورے پر ہیں نے کہا کہ ویژن 2030 کے تحت پاکستانی فوڈ ایکسپورٹرز برآمدات میں اضافہ اور سعودی مارکیٹ میں اپنی پوزیشن کو مسابقتی بنا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اپنے درآمدی ذرائع کو متنوع بنا رہا ہے اس لیے پاکستانی برآمد کنندگان آرگینک اور پریمیم فوڈ سیکٹر میں طویل مدتی معاہدے کر سکتے ہیں۔ حلال فوڈ کی بڑھتی ہوئی مانگ کے بارے میں سیف الرحمان نے کہا کہ سعودی عرب میں حلال تصدیق شدہ گوشت، ڈیری، چاول اور پراسیسڈ مصنوعات کی مانگ میں اضافہ ہو رہا ہے۔ پاکستان، حلال فوڈ پروڈیوسر کی حیثیت سے سعودی عرب کے سخت فوڈ سیفٹی اور حلال معیارات پر پورا اتر کر اس سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔