کمالیہ میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھنے لگا،شہری پریشانی سے دوچار

اتوار 17 اگست 2025 14:45

کمالیہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2025ء)کمالیہ میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھنے لگا ہے جس کے باعث شہری اور تاجر برادری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ شدید گرمی کے موسم میں بجلی کی بندش نے گھریلو زندگی، تعلیمی سرگرمیوں اور کاروباری معاملات کو بری طرح متاثر کر دیا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ دن اور رات کے مختلف اوقات میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جاتی ہے جس سے معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں۔

بچوں اور بزرگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ پانی کی فراہمی بھی متاثر ہو رہی ہے ۔تاجر برادری کے نمائندوں نے شکایت کی کہ گھنٹوں بجلی بند رہنے سے کاروبار بری طرح متاثر ہو رہا ہے ، دکانوں اور بازاروں میں خریداروں کی آمد گھٹ گئی ہے اور روزانہ کی آمدنی میں واضح کمی واقع ہو رہی ہے ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو چھوٹے کاروبار کرنے والے تاجروں کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔

علاقہ مکینوں اور تاجروں نے محکمہ واپڈا اور اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ فوری بند کیا جائے اور شہریوں کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ عوام کا کہنا ہے کہ وہ اپنے بل باقاعدگی سے ادا کرتے ہیں لہذا انہیں سہولت ملنی چاہیے ، نہ کہ مسائل۔