چین پاک کمپنیوں کے درمیان 1 گیگا واٹ بجلی اسٹوریج منصوبے کا معاہدہ

اتوار 17 اگست 2025 15:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2025ء)چینی انرجی اسٹوریج کمپنی ہائیتھییم اور پاکستان کی معروف امپیریل الیکٹرک کمپنی (آئی ای سی )کے درمیان بجلی اسٹوریج منصوبے کا معاہدہ طے پا گیا۔ گوادر پرو کے مطابق معاہدے کے تحت پاکستان بھر میں ایک گیگا واٹ آور (GWh) کے رہائشی اور صنعتی و تجارتی (C&I) بجلی اسٹوریج کے حل فراہم کیے جائیں گے، دونوں کمپنیاں پاکستان کے مخصوص توانائی مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے مشترکہ طور پر حسبِ ضرورت توانائی ذخیرہ کرنے کے نظام تیار کریں گی تاکہ مقامی حالات میں بہترین کارکردگی یقینی بنائی جا سکے۔

گوادر پرو کے مطابق یہ معاہدہ شنگھائی میں منعقدہ چائنا انٹرنیشنل انرجی اسٹوریج ایکسپو (EESA EXPO) کے دوران طے پایا۔ چینی کمپنی مقامی سطح پر ایک سروس سینٹر بھی قائم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ تکنیکی معاونت اور ماہر خدمات فراہم کی جا سکیں۔

(جاری ہے)

گوادر پرو کے مطابق یہ معاہدہ پاکستان میں بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹمز (BESS) کی تیزی سے بڑھتی ہوئی اپنائیت کی ایک اہم مثال ہے، جو ماحول دوست اور قابلِ تجدید توانائی کا ایک جدید ذریعہ ہے۔

گوادر پرو کے مطابق یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی کی کمپنی لبرٹی ملز نے اپنی قابلِ تجدید توانائی کی گنجائش میں 4.25 میگا واٹ آور بیٹری اسٹوریج کا اضافہ کیا تھا، جبکہ لکی سیمنٹ نے حال ہی میں 20 میگا واٹ آور کا BESS نصب کیا ہے، جو اب تک ملک کا سب سے بڑا بیٹری اسٹوریج منصوبہ ہے۔