لله*برطانیہ کی نئی نسل کے ذریعے پاکستان سے اپنے تعلق کو مزید مستحکم رکھنا نہایت ضروری ہے، ڈاکٹر محمد فیصل

اتوار 17 اگست 2025 19:05

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اگست2025ء)برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ برطانیہ کی نئی نسل کے ذریعے پاکستان سے اپنے تعلق کو مزید مستحکم رکھنا نہایت ضروری ہے۔لوٹن کے ایک مقامی ہال میں یوم آزادی پاکستان کی مناسبت سے منعقدہ شاندار پُروقار تقریب میں بطور مہمان خصوصی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے اس موقع پر لوٹن میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے اتحاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ برطانیہ میں پیدا ہونے والی پاکستانی نژاد نوجوان نسل کی آج کے پروگرام میں بھرپور شمولیت علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی ایم بی ای کی خصوصی کاوشوں کا نتیجہ اور کمیونٹی کے اتحاد کا غماز ہے۔ڈاکٹر محمد فیصل نے اس بات پر زور دیا کہ برطانیہ میں بسنے والے پاکستانیوں کو مقامی معاشرے میں مکمل طور پر بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے اور اپنی نئی نسلوں کے ذریعے وطن عزیز سے اپنے تعلق کو مزید مستحکم رکھنا بھی نہایت ضروری ہے۔

یوم آزادی کے موقع پر کیک کاٹنے کی تقریب بھی منعقد کی گئی جس کے بعد درجنوں شخصیات نے مبارکبادی تقاریر کیں۔ہال کو باہر اور اندر سے پاکستان ڈے کی مناسبت سے قومی پرچموں اور جھنڈیوں سے خصوصی طور پر سجایا گیا تھا۔