حکومت پاکستان برآمدات کے فروغ کیلئے پرعزم ، فرنیچر نمائش مقامی صنعت اور بزنس کمیونٹی کیلئے سنگ میل ثابت ہوگی، رانا احسان افضل

اتوار 17 اگست 2025 19:40

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2025ء) وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل ہمیشہ روشن رہا ہے، موجودہ حکومت وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں معیشت کے استحکام اور ایکسپورٹ کے فروغ کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے اور بزنس کمیونٹی کو ایز آف ڈوئنگ بزنس کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ نہ صرف ملکی تجارت کو وسعت دی جاسکے بلکہ انٹرنیشنل مارکیٹوں میں بھی پاکستانی مصنوعات کا دائرہ بڑھایا جاسکے۔

وہ ویسٹ کینال روڈ فیصل آباد کی مقامی مارکی میں پاکستان لائف سٹائل فرنیچر ایکسپو کے اختتامی روز دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان لائف ٹائم فرنیچر ایکسپو فیصل آباد میں ملک بھر سے لگ بھگ ساٹھ سے ستر سپلائرز اور مینوفیکچررز شریک ہوئے ہیں جنہوں نے اعلیٰ معیار کے فرنیچر اور ایکسپورٹ سے متعلقہ مصنوعات نمائش کے لیے پیش کیں۔

(جاری ہے)

یہ نمائش نہ صرف انڈسٹریلسٹس اور بزنس مین کیلئے ایک بہترین موقع ہے کہ وہ براہ راست کنزیومرز کے ساتھ جڑ سکیں بلکہ صارفین کو بھی ایک ہی چھت تلے مختلف کمپنیوں اور سپلائرز سے براہ راست رابطے اور خریداری کا موقع فراہم کرتی ہے۔ رانا احسان افضل نے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں مقامی صنعت کے فروغ کے ساتھ ساتھ پاکستان کی مصنوعات کو عالمی مارکیٹ تک پہنچانے میں سنگ میل ثابت ہوں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزارت تجارت، وزارت صنعت اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی معاونت سے حکومت برآمدات کے فروغ کیلئے ان مصنوعات کو عالمی سطح پر متعارف کروانے میں بھرپور کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا بنیادی مقصد تجارت کو آسان بنانا ہے تاکہ مینوفیکچررز، بزنس کمیونٹی اور ریٹیلرز سب کو سہولت مل سکے اور وہ ملکی معیشت کو مستحکم بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

پاکستان کی معیشت کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر نے کہا کہ اگرچہ ماضی میں ہم اپنی منزل کی جانب تیزی سے پیش رفت نہ کرسکے لیکن موجودہ دور میں معاشی اصلاحات کے تمام اقدامات وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں مکمل ہوچکے ہیں اور اب پاکستان ایک ایسے راستے پر گامزن ہے جہاں اقتصادی استحکام اور تجارتی سرگرمیوں کو مستقل بنیادوں پر فروغ دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت برآمدات اور ترسیلاتِ زر میں اضافے کے لئے دن رات محنت کر رہی ہے اور ان شاء اللہ یہ کوششیں رنگ لائیں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پاکستان، وزارتِ تجارت اور وزارتِ صنعت فرنیچر سمیت دیگر شعبوں میں بھی برآمدات بڑھانے کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی تاکہ پاکستان کو عالمی مارکیٹ میں مستحکم مقام دلایا جا سکے۔

نمائش کے موقع پر سابق ایم پی اے بیگم نجمہ افضل، سی ای او پاکستان لائف سٹائل فرنیچر ایکسپو فیصل محسن، ایم ڈی پاکستان لائف سٹائل ایکسپورٹ زاہرہ فیصل اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔ اس نمائش میں 40 سے زائد برانڈز کے فرنیچر آئٹمز رکھے گئے جبکہ 30 سے 40 فیصد تک ڈسکاؤنٹ بھی فراہم کیا گیا جس سے صارفین نے بھرپور استفادہ کیا۔رانا احسان افضل نے پاکستان لائف سٹائل ایکسپو کے منتظمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس پلیٹ فارم سے نہ صرف مقامی سطح پر بزنس کو تقویت ملے گی بلکہ یہاں تیار ہونے والی معیاری مصنوعات دنیا بھر کی مارکیٹوں میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوں گی۔