موسمی خرابی کے باعث فلائٹ آپریشن شدید متاثر، 50 سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار

اتوار 17 اگست 2025 19:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2025ء)موسمی خرابی کے باعث اسلام آباد، پشاور، سیالکوٹ کا فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہوا ہے ، متعدد پروازوں کو دیگر ائیر پورٹس پر اتار دیا گیا ہے۔موسمی خرابی کے باعث گلگت سے اسلام اباد کی 4 پروازیں منسوخ کر دی گئیں جبکہ 51 پروازوں میں تاخیر کا شکار ہوئیں۔دبئی سے سیالکوٹ کی پرواز کو ملتان لینڈ کرایا گیا جبکہ ریاض اور مدینہ سے اسلام اباد کی پروازوں کو بھی ملتان اتارا گیا۔

(جاری ہے)

استنبول سے اسلام آباد کی غیر ملکی ائیر لائن کو سیالکوٹ اتارا گیا جبکہ دبئی سے پشاور کی قومی ائیر کی پرواز کو اسلام آباد اتار لیا گیا۔قومی ائیر کی دبئی سے اسلام آباد کی پرواز کو کراچی میں لینڈ کرایا گیا جبکہ فلائٹ شیڈول کے مطابق اسلام آباد آمد روانگی کی 22 پروازوں میں ایک سے 8 گھنٹے کی تاخیر بتائی گئی۔کراچی ائیرپورٹ کی 12 پروازوں میں ایک سے 4 گھنٹے کی تاخیر بتائی گئی جبکہ لاہور کی 9 پروازوں میں ایک سے 10 گھنٹے تاخیر کا بتایاگیا۔ پشاور، سیالکوٹ، ملتان اور کوئٹہ کی 8 پروازوں میں 8 گھنٹے تک تاخیر بتائی گئی ۔