انڈر 19 ورلڈ کپ 2026 کے لیے 16 ٹیموں کا انتخاب مکمل،ایونٹ اگلے سال زمبابوے اور نمیبیا میں ہوگا

اتوار 17 اگست 2025 20:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2025ء)آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ 2026 کے لیے 16 ٹیموں کا انتخاب مکمل ہوگیا۔ امریکا نے آخری کوالیفائر کے طور پرٹورنامنٹ میں جگہ بنائی، ایونٹ اگلے سال زمبابوے اور نمیبیا میں ہوگا۔ کوالیفیکیشن فارمیٹ کے مطابق 2024 ورلڈ کپ (جنوبی افریقا) کی ٹاپ 10 ٹیمیں اور میزبان زمبابوے نے براہ راست کوالیفائی کرلیا، دیگر 5 ٹیموں کا فیصلہ براعظمی کوالیفائرز سے ہوا۔

(جاری ہے)

براہ راست کوالیفائی کرنے والی ٹیموں میں آسٹریلیا، بنگلہ دیش، انگلینڈ، بھارت، آئرلینڈ، پاکستان، نیوزی لینڈ، سری لنکا، جنوبی افریقا، ویسٹ انڈیز اور زمبابوے شامل ہیں۔ براعظمی کوالیفائرز کے بعد افریقا سے تنزانیہ، امریکا اور ایشیا سے افغانستان نے رسائی یقینی بنالی۔ایسٹ ایشیا پیسفک سے جاپان، اسکاٹ لینڈ نے یورپ سے جگہ بنائی، یوں 16 ٹیموں کی لائن اپ مکمل ہوگئی ، ایونٹ کے لیے اب کائونٹ ڈائون شروع ہوچکا ہے۔