Live Updates

موسمیاتی تبدیلیوں کے مضر اثرات سے نجات کیلئے شجرکاری کو قومی فریضہ سمجھ کر اپنانا ناگزیر ،سپیکرقومی اسمبلی

پاکستان کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے حکومت اور عوام کو مشترکہ عزم کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا،سردار ایاز صادق کا یومِ شجرکاری کے موقع پر پیغام

اتوار 17 اگست 2025 22:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2025ء)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے مضر اثرات سے نجات کیلئے شجرکاری کو قومی فریضہ سمجھ کر اپنانا ناگزیر ہے۔ یومِ شجرکاری کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ جنگلات کے تیزی سے کٹا کے باعث طوفانی بارشیں، زمینی کٹا، سیلاب، فضائی آلودگی اور غیر متوقع موسمی تغیرات جیسے مسائل سنگین شکل اختیار کر چکے ہیں، جن پر قابو پانے کیلئے فوری اور موثر اقدامات اٹھانا انتہائی ضروری ہیں تاکہ آنے والی نسلوں کو ایک صاف اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ درخت صرف آکسیجن ہی نہیں فراہم کرتے بلکہ ماحولیاتی توازن قائم رکھنے، موسمی تغیرات کے منفی اثرات کو کم کرنے اور کر ارض کے حسن کو برقرار رکھنے میں بھی بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے پوری قوم سے اپیل کی کہ شجرکاری کو ایک مستقل قومی تحریک بنایا جائے اور ہر شہری اس میں اپنی عملی شمولیت یقینی بنائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیے حکومت اور عوام کو مشترکہ عزم کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا،اسکولوں، کالجوں، دیہاتوں اور شہروں میں بڑے پیمانے پر شجرکاری مہمات چلائی جائیں تاکہ ملک ماحولیاتی خودکفالت کی طرف بڑھ سکے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ صرف پودے لگانا ہی کافی نہیں بلکہ ان کی نگہداشت اور باقاعدہ نگرانی بھی ضروری ہے تاکہ یہ تناور درخت بن کر ماحولیاتی نظام کو سہارا دے سکیں۔

انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی اور ایک صحت مند معاشرہ اسی وقت ممکن ہے جب ہر فرد شجرکاری کو اپنی ذمہ داری سمجھے اور اس میں بھرپور حصہ لے۔ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفی شاہ نے یومِ شجرکاری کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ شجرکاری نہ صرف ماحولیاتی ضرورت ہے بلکہ یہ ہمارے مذہبی اور تہذیبی اقدار کا بھی حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ شہروں اور دیہاتوں کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیے عوامی شعور بیدار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے عوام، تعلیمی اداروں اور سماجی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ پاکستان کو ایک سرسبز،خوشحال اور پرامن ملک بنایا جا سکے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات