باجوڑ اور دیر کو ملانے والے جار پل کی بحالی کے کام کے آغاز پر مقامی لوگوں کا اظہار مسرت

پیر 18 اگست 2025 14:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2025ء) پاک فوج نے خیبر پختونخوا میں فلڈ ریلیف آپریشن کے تحت باجوڑ اور دیر کو ملانے والے جار پل کی بحالی پر کام کا آغاز کردیا ہے جس پر مقامی لوگوں نے اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج کی جانب سے بر وقت پل کی بحالی کا کام شروع کرنا بہت خوشی کی بات ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے سربراہ کی ہدایات کے مطابق باجوڑ کے زیادہ تر علاقوں میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے امدادبھی پہنچائی گئی ہے،ہمیں بہت زیادہ مشکلات کا سامنا تھاکیونکہ یہ پل اس علاقے کو دیر، سوات اور پشاور سے ملاتا ہے۔

عوام نے کہا کہ حالیہ سیلاب نے اس پل کو شدید نقصان پہنچایا ہے لیکن پل کی بحالی کے اقدامات پرہم پاک فوج کے بے حد شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی ہم پر مشکل وقت آیاتو پاک فوج ہمیشہ ہمارے ساتھ کھڑی رہی، پاک فوج کی جانب سے فوری طور پر بحالی کے انتظامات شروع کر دیئےگئے ہیں اور توقع ہے کہ جلدہی پل کی بحالی کا کام مکمل ہو جائے گا اور باجوڑ کے لوگوں کی یہ مشکل حل ہو جائے گی۔